کراچی بارش کے بعد فلائٹ آپریشن شدید متاثر کئی علاقوں میں بجلی غائب

کےالیکٹرک کے 200 سے زائد فیڈرز متاثر ہوئے ہیں


ویب ڈیسک January 05, 2022
بارش کا سلسلہ 7 جنوری تک جاری رہے گا۔ (فائل فوٹو)

ISLAMABAD: شہر قائد میں ہونے والی بارش کے بعد 10 عالمی اور مقامی پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں آج شام سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا وہیں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

گلشن حدید، گلشن معمار، لانڈھی، بلدیہ ٹاؤن، لیاقت آباد، کیماڑی، اولڈ سٹی ایریا، بفرزون، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن سمیت کئی علاقے گزشتہ گھنٹے سے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بارش سے کےالیکٹرک کے 200 سے زائد فیڈرز متاثر ہوئے جبکہ کچھ علاقوں میں تاریں ٹوٹنے کی شکایات بھی سامنے آئیں ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 8 جنوری سے سردی بڑھے گی،محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں آج شام سے شروع ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کا ‏سلسلہ 7 جنوری تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے برسات کے بعد ایک بار پھر شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے وقت الیکٹرک سوئج، بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور گیلے ہاتھوں یا چپلوں کے بغیر برقی آلات کو ہاتھ نہ لگائیں۔

 

دوسری جانب کراچی میں ہونے والی بارش اور دھند کے باعث فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے، کراچی سے جانے والی دو انٹرنیشنل پروازوں گلف ایئر، اومان ایئر کو معطل کردیا گیا ہے، اسی طرح پی آئی اے کی کراچی سے تربت، سکھر، ملتان جانے والی پرواز بھی منسوخ کردی گئی۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے مختلف شہروں کو جانے والی ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کی 10 پروازیں منسوخ کردی گئیں ہیں۔

علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے اب سے کچھ دیر قبل شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ فیصل، پی ای سی ایچ ایس اور بہادر آباد کی صورت حال معمول کے مطابق ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔