قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ کراچی زیبراز نے فائنل ایٹ میں قدم رکھ دیا

فرخ نے86 رنزاسکور کیے ، راولپنڈی ریمز 5 وکٹ سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر


Sports Desk February 13, 2014
فرخ نے86 رنزاسکور کیے ، راولپنڈی ریمز 5 وکٹ سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر،یونس کی قائدانہ اننگز نے ایبٹ آبادکو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ فوٹو: فائل

قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ کپ میں کراچی زیبراز نے راولپنڈی ریمز کو5 وکٹ سے ٹھکانے لگاتے ہوئے فائنل ایٹ میں قدم رکھ دیا، اوپنر فرخ شہزاد نے 86 رنز کی اننگز کھیلی، ناکام سائیڈ ایونٹ سے باہرہوگئی، پہلی بار ایکشن میں نظر آنے والی ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم بھی ہاتھ ملتی رہ گئی۔

یونس خان کی قائدانہ اننگز نے ایبٹ آباد فالکنز کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا، اسٹارز پر مشتمل لاہور لائنز کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد2 رنز سے ناکام رہی، سابق کپتان نے63 رنز کی اننگز کھیلی۔ناک آئوٹ مرحلے کا آغاز جمعرات سے ہوگا، پہلا کوارٹر فائنل سیالکوٹ اسٹالینز اور اسلام آباد لیپرڈز کے مابین کھیلا جائیگا، جمعرات کو دوسرے فائنل ایٹ میچ میں لاہورلائنز اور ملتان ٹائیگرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ دیگر 2 کوارٹر فائنلز جمعے کو کھیلے جائیں گے، فیصل آباد وولفز کو لاڑکانہ بلز کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ ایبٹ آباد فالکنز اور کراچی زیبراز کی ٹیمیں برتری کی جنگ لڑیں گی۔ ٹورنامنٹ میں بدھ کو لیگ مرحلے کے آخری 2میچز کھیلے گئے،راولپنڈی اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں کراچی زیبراز نے راولپنڈی ریمز کو 5 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا اور خود فائنل ایٹ میں پہنچ گئے۔

ناکام ٹیم نے22 پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان عمر امین(37) اور تجربہ کارآل رائونڈر سہیل تنویر(34)کی سمجھدارانہ اننگز سے اسکور139 تک پہنچایا،یاسم مرتضیٰ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تابش خان نے 4 اور شاہ زیب احمد نے 3 وکٹیں لیں۔ 140 کا پیچھا کرتے ہوئے زیبراز کے اوپنر فرخ زمان اور حسن رضا نے 88 رنز کا آغاز فراہم کیا، سینئر بیٹسمین کے آئوٹ ہونے کے بعد فرخ نے مزید جارحانہ انداز اپنا لیا، ان کا ساتھ دینے کیلیے آنے والے کپتان فیصل اقبال6 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے، اوپنر نے صرف63 گیندوں پر 12 بائونڈریز اور ایک چھکے کی بدولت 86 رنز کی اننگز کھیلی، بعدازاں ٹیم نے مزید 2 وکٹیں گنوانے کے بعد ہدف 4 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔

قبل ازیں دن کے پہلے میچ میں ٹوئنٹی 20 کرکٹ کیلیے ناموزوں سمجھے جانے والے یونس خان نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں قائدانہ اننگز کھیلی،ایبٹ آباد فالکنز نے مضبوط لاہور لائنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے زیر کیا، ناکام ٹیم کو سرخرو ہونے کیلیے آخری اوورمیں 9 رنز درکار تھے لیکن جنید خان کی نپی تلی بولنگ نے حریف ٹیل اینڈرز کو صرف 6 رنز بنانے کا موقع ہی فراہم کیا، 137 رنز کا پیچھا کرنے کیلیے میدان میں اترنے والے لائنز کے اوپنرز نے 5.4 اوورز میں 33 رنز کا آغاز فراہم کیا، احمد شہزاد 17 رنز بنانے کے بعد احمد جمال کا شکار بن گئے،آئوٹ آف فارم ناصر جمشید(20) نے بھی خالد عثمان کے ہاتھوں وکٹ گنوا دی، یاسرشاہ نے نویں اوور میں عمر اکمل(1) اور آغا سلمان صفر کی وکٹیں اڑا کر فالکنز کی امیدیں روشن کردیں، کپتان محمد حفیظ کی ہمت بھی 18 پر جواب دے گئی، سعد نسیم نے 13 اور محمد سعید نے 6 رنز بنانے کے بعد وکٹیں گنوا دیں۔

اس موقع پر وہاب ریاض نے چند اچھے شاٹ کھیل کر حریف بولرز پر حاوی ہونے کی کوشش کی مگر 14 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کو احمد جمال نے بریک لگا دی، آخری اوور میں لائنز کو فتح کیلیے 9 رنز درکار جبکہ 2 وکٹیں باقی تھیں، کپتان یونس خان نے دبائو کی صورتحال میںجنید خان کو گیند تھما دی جنھوں نے ابتدائی چار بالز پر حریف بیٹسمینوں کو صرف سنگلز بنانے کا موقع ہی فراہم کیا، پانچویں گیند پر عدنان رسول رن آئوٹ ہوئے تو آخری گیند پرمیچ برابر کرنے کیلیے چوکا ضروری ہوگیا، مگر جنید کی فل لینتھ ڈلیوری پر صرف 2 رنز ہی بن پائے اور فالکنز نے فتح کے ساتھ کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا۔

اس سے قبل لائنز کے قائد محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ایبٹ آباد کے اوپنر حماد علی پیسر اعزاز چیمہ کی دوسری ہی گیند پر رخصت ہو گئے، کپتان یونس خان نے پہلے ہی اوور میں وکٹ گرنے کے بعد دوسرے اوپنر یاسر حمید کے ہمراہ مل کر دوسری وکٹ کیلیے 39 رنز جوڑے، یاسر کی ہمت 26 پر جواب دے گئی، انھیں محمد حفیظ نے رن آئوٹ کیا، اگلے ہی اوور میں ریاض خلیل نے بھی جلدبازی میں اپنی وکٹ گنوا دی اس بار اعزاز چیمہ کی ڈائریکٹ تھرو سیدھی وکٹوں کو جا لگی،کپتان نے عدنان رئیس(26) کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے 44 رنز جوڑ کر ٹیم کو معقول ہدف فراہم کرنے میں مدد فراہم کی ، یونس خان نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست68 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے، وہ خالد عثمان (13) کے ساتھ بغیر آئوٹ ہوئے میدان سے باہر گئے، اعزاز چیمہ 2 وکٹوں کے ساتھ لاہور لائنز کے واحد کامیاب بولر تھے جبکہ اتنے ہی بیٹسمین رن آئوٹ ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |