کراچی میں تیسری بار نالے میں گیس کا دھماکا

واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نالوں میں گیس کے دھماکے کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں

جس جگہ دھماکا ہوا ہے اسی مقام پر چند روز قبل تجاوزات کا بھی صفایا کیا گیا تھا—فائل فوٹو

شیرشاہ میں پراچہ چوک کے قریب نالے میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوگیا جس میں کسی کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اسی مقام سے چند گز کے فاصلے پر گزشتہ ماہ نالے میں ہی گیس بھر جانے سے دھماکے کے باعث 18 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تازہ واقعہ کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ نالوں میں گیس کے دھماکے کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں: کراچی کے ایک اور نالے میں گیس دھماکا، 3 افراد زخمی

تفصیلات کے مطابق پراچہ چوک کے قریب نالے میں دھماکا ہوا، واقعہ سہ پہر کو پیش آیا اور دھماکے کی آواز سنتے ہی متعلقہ ادارے اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے۔


اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایچ او سائٹ بی زوار حسین نے بتایا کہ دھماکا نالے میں گیس بھرنے کے باعث ہوا ہے جس سے نالے کی دیوار میں دراڑیں پڑ گئیں تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جس جگہ دھماکا ہوا ہے اسی مقام پر چند روز قبل تجاوزات کا بھی صفایا کیا گیا تھا جس کا ملبہ تاحال موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے شیر شاہ میں دھماکا، 17 افراد جاں بحق

یاد رہے کہ دھماکے کے مقام کے سامنے ہی گزشتہ ماہ نالے میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوگیا تھا جس سے نالے پر بنے بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا تھا اور واقعے میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ سائٹ ایریا اور شیرشاہ کے علاقے میں بھی تجاوزات کی بھرمار ہے۔
Load Next Story