ڈیرہ غازی خان جائیداد کیلئے بھائی نے بھائی کے کمرے کو آگ لگادی بھابی اور 2 بھتیجیاں جاں بحق

گھر کا سربراہ غلام قاسم اور اس کے دو بچے یوسف،حسن بھی جھلس کر شدید زخمی ہوگئے ،تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل


ویب ڈیسک February 13, 2014
ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور پولیس کو بھی واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔فوٹو:ایکسپریس نیوز

معموری میں بھائی نے گھریلو تنازعہ پر دوسرے بھائی کے کمرے کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں دو بچیاں اور ایک خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ چوٹی کے علاقے معموری میں محمد علی اورغلام قاسم نامی بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازع شدت اختیار کرگیا، جس کے بعد محمد علی نے غلام قاسم کے کمرے کو آگ لگادی،آگ نے کمرے کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں غلام قاسم کی اہلیہ مسرت بی بی اور دو بچیوں زہرہ اور ثمرین جھلس کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ گھر کا سربراہ غلام قاسم اس کے دوبچے دس سالہ یوسف اور ایک سالہ محمد حسن جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا ہے ۔


ڈسٹرکٹ اسپتال میں برن وارڈ نہ ہونے کے باوجود زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں نشتر اسپتال منتقل کیا جائیگا۔ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور پولیس کو بھی واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں