ٹاؤن شپ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں چار اغوا کار ہلاک ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی آئی اے پولیس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز پولیس نے تین ملزموں کو گرفتار کیا تھا جنہوں نےد وران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کی تھی، ملزمان کی نشاندہی پر پولیس ان کو اپنے ہمراہ لے کر دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے جارہی تھی کہ ٹاؤن شپ اسٹار سینما کے قریب ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کردیا اور فائرنگ شروع کردی،پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین گرفتار ملزمان اور ان کا ایک ساتھی موقع پر ہلاک ہوگئے۔
سی آئی اے پولیس کے مطابق یہ انتہائی خطرناک ملزم تھے اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جائیں گے۔