پی ایس ایل پروٹیز منی ڈرافٹ کیلیے دستیاب نہ ہوں گے

ڈومیسٹک سیریز میں شرکت ضروری، پاکستان کا سفر نہیں کرپائیں گے


Abbas Raza January 08, 2022
فرنچائزز کو پہلی فہرست میں باقی رہنے والوں میں سے انتخاب کرنا ہوگا فوٹو : فائل

RAWALPINDI: پروٹیز کرکٹرز پی ایس ایل منی ڈرافٹ کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے جب کہ ڈومیسٹک سیریز میں شرکت کا پابند کیے جانے کی وجہ سے پاکستان کا سفر نہیں کرپائیں گے۔

کورونا کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل 7میں ہر فرنچائز کو18 رکنی اسکواڈ میں مزید 2کھلاڑیوں کا اضافہ کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی،ان میں سے ایک غیرملکی بھی ہوسکتا ہے۔

مزانسی لیگ ملتوی ہونے کی وجہ سے فرنچائزز کی نگاہیں پروٹیز اسٹارز ڈیوڈ ملر، کوئنٹن ڈی کک، تبریز شمسی اور راسی وان ڈر ڈوسین کی خدمات حاصل کرنے پر مرکوز تھیں،ٹی ٹوئنٹی لیگ تو نہیں ہورہی مگر جنوبی افریقی ڈومیسٹک کرکٹ میں انتہائی اہمیت کی حامل فرنچائز سیریز میں 4روزہ میچز کا سلسلہ 13جنوری سے شروع ہوکر اپریل تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب اسی دوران بھارت کیخلاف 3ون ڈے میچز19 سے 25تک شیڈول ہیں،کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈومیسٹک سیریز میں شرکت کا پابند کیے جانے کی وجہ سے پروٹیز کرکٹرز پی ایس ایل 7کیلیے فرنچائزز کو دستیاب نہیں ہوسکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیموں کو پہلے ڈرافٹ کیلیے مرتب کی جانے والی فہرست میں باقی رہ جانے والے کھلاڑیوں میں سے ہی انتخاب کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ 12دسمبر کو لاہور میں ہونے والے ڈرافٹ میں ٹیموں نے پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور، ایمرجنگ اور سلور کیٹیگریز سمیت اپنے 18رکنی اسکواڈز مکمل کیے تھے،ہفتے کو ہونے والے منی ڈرافٹ میں اضافی کمک بھی حاصل کرلی جائے گی،چند ریزرو کرکٹرز کو بائیوببل میں رکھے جانے کی اطلاعات بھی ہیں، کسی ہنگامی صورتحال میں ان میں سے کسی کو طلب کیا جا سکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں