چیئرمین نیب کا پارلیمانی کمیٹیوں کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

جسٹس (ر) جاوید اقبال معزز پارلیمنٹ کو انتہائی عزت اور احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں، نیب اعلامیہ


ویب ڈیسک January 08, 2022
چیئرمین نیب کو جب طلب کیا جائے گا وہ پیش ہوں گے، ترجمان نیب (فائل فوٹو)

JARANWALA: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام پارلیمانی کمیٹیوں کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب تمام پارلیمانی کمیٹیوں میں پیش ہوں گے کیونکہ وہ معزز پارلیمنٹ کو انتہائی عزت اور احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

نیب ترجمان نے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال پہلے بھی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور آئندہ جب بھی انہیں پی اے سی یا دیگر پارلیمانی کمیٹیاں طلب کریں گی تو وہ ضرور پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو کسی بھی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے چیئرمین نیب کو کسی بھی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہونے سے روک دیا

جمعرات 6 جنوری کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پی اے سی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو پیش ہونا تھا مگر وہ شریک نہیں ہوئے تھے۔

کمیٹی رکن نورعالم خان کا کہنا تھا کہ ان کیمرہ اجلاس چیئرمین نیب کے کہنے پر طلب کیا گیا تھا، اب اچانک نیب کی جانب سے لیٹر موصول ہوگیا کہ جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی منظوری نہیں دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں