2022 کا پہلا کاروباری ہفتہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

انڈیکس کی 45000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہو گئی، ڈالر، یورو، پاؤنڈ اور ریال کی قدروں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا

انڈیکس کی 45000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہو گئی، ڈالر، یورو، پاؤنڈ اور ریال کی قدروں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی:
سال 2022 کا پہلا کاروباری ہفتہ اسٹاک مارکیٹ کیلیے بہتر ثابت ہوا جب کہ نئے سال میں اقتصادی محاذ سے وابستہ مثبت توقعات سے گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی رہی۔

اپوزیشن کی جانب سے ردعمل کے باوجود پارلیمنٹ سے منی بجٹ منظور ہونے کی توقعات پر مارکیٹ میں محتاط انداز میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ رواں ماہ آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت کی توقع سے بھی کاروبار پر مثبت اثر پڑا،ہفتہ وار کاروبار کے 4 سیشنز میں تیزی اورایک میں مندی رہی، انڈیکس کی 45000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہوگئی۔


تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں مجموعی طور پر 88 ارب 2کروڑ 78لاکھ 19ہزار 512روپے کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 77 کھرب 72ارب 66 کروڑ 47لاکھ 26 ہزار 245روپے ہوگیا۔

علاوہ ازیں منی بجٹ کی منظوری میں اپوزیشن کے ممکنہ شدید ردعمل سے آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر کے خدشات کے باعث گذشتہ ہفتے ڈالر، یورو پاؤنڈ ریال کی قدروں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 179روپے سے تجاوز کرگیا جبکہ انٹربینک میں ڈالر 177روپے متجاوز ہونے کے بعد دوبارہ نیچے آگیا، ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 16پیسے بڑھ کر 176.67 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپے بڑھ کر 179.50 روپے ہوگئی۔
Load Next Story