لاہور اور کراچی کے اردو بازاروں کو دنیا کے بدنام بازاروں کی فہرست سے نکال دیا گیا

بھارت میں نئی دہلی، ممبئی اور حیدرآباد کے 2، 2 بازار جعلی اشیا کی فروخت کے بڑے مراکز ہیں،امریکی رپورٹ


ویب ڈیسک February 13, 2014
کراچی اورلاہور کے اردو بازاروں میں کتابوں کے معاملے میں جملہ حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہوتی تھی تاہم اب صورتحال بہتر ہے،امریکی رپورٹ فوٹو:فائل

لاہور اور کراچی کے اردو بازاروں کو دنیا کے بدنام بازاروں کی فہرست سے نکال دیا گیا جب کہ اس فہرست میں بھارت کے 6 بازار شامل ہیں۔

امریکی تجارت کے نمائندہ دفتر کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والی بدنام بازاروں کی فہرست دنیا بھر کے ان بازاروں کا احاطہ کرتی ہے جہاں ہونے والی خریدوفروخت جملہ حقوق کی خلاف ورزی کی وجہ سے امریکی کاروبار اور ان کے شہریوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان بازاروں میں جعلی کمپیوٹر سافٹ ویئر، فلموں اور موسیقی کی سی ڈیز اور دفاتر میں استعمال ہونے والے آلات کی فروخت کھلے عام ہوتی ہے۔ اس فہرست میں عام بازاروں کے علاوہ آن لائن خریدوفروخت کےلئے بنائی جانے والی ویب سائٹس بھی شامل ہیں۔

امریکی رپورٹ کے مطابق جعلی سامان کے سب سے زیادہ بڑے بازار چین میں ہیں جب کہ بھارت ، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، یوکرین، میکسیکو، کولمبیا، ایکواڈور اور پیراگوئے بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ بھارت میں نئی دہلی، ممبئی اور حیدرآباد کے 2، 2 بازار نقلی اشیا کی فروخت کے بڑے مراکز ہیں۔ اس رپورٹ میں لاہور اور کراچی کے اردو بازاروں کو بدنام بازاروں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے جہاں فروخت ہونے والی کتابوں کے معاملے میں جملہ حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہوتی تھی تاہم اب صورتحال بہتر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔