سیالکوٹ میں معمر خاتون پر تشدد کرنے والے چار ملزمان گرفتار

خاتون پر ڈنڈے برسانے اور پتھراؤ کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا، پولیس ترجمان

تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ڈی پی او کی ہدایت (تصویر سیالکوٹ پولیس)

کراچی:
سیالکوٹ میں معمر خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے چار ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون پر تشدد کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی تھی، جس کا ڈی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس نے معمر خاتون پر تشدد کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں خاتون پر ڈنڈے برسانے اور پتھراؤ کرنے والا شخص بھی شامل ہے۔


پولیس نے واقعے کا مقدمہ قاسم ظفر، اسد اظہر، رضا ظفر اور محمد ذیشان کے خلاف درج کیا اور چاروں ملزمان کو سیالکوٹ کے علاقے جھائی، پسرور، ڈسکہ اور گوجرہ سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھ ٹیمیں اے ایس پی صدر خرم مہیسر کی نگرانی میں مصروف عمل ہیں، بقیہ ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے جیوفینسنگ، موبائل ڈیٹا، سیل آئی ڈی جیسی جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جارہا ہے۔

سیالکوٹ کے ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) سعید ملک نے تمام ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے سرچ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔ سعید ملک نے یقین دہانی کرائی کہ اس شرمناک واقع میں ملوث تمام ملزمان کو پابند سلا سل کیا جائے گا اور متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
Load Next Story