عثمان خواجہ نے دورہ پاکستان کی حمایت کردی

آسٹریلوی کرکٹرز مہمان نوازی کا بھرپور لطف اٹھائیں گے، آسٹریلوی بیٹسمین


Sports Reporter January 10, 2022
آسٹریلوی کرکٹرز مہمان نوازی کا بھرپور لطف اٹھائیں گے فوٹو: فائل

FAISALABAD: عثمان خواجہ نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی بھرپورحمایت کردی۔

سڈنی ٹیسٹ کی دونوں اننگزمیں سنچری اسکور کرنے والے عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے بے پناہ لگاؤ رکھتی ہے، اس کا عملی مظاہرہ پی ایس ایل کے دوران دیکھ چکا ہوں،وہاں کھیلتے ہوئے شائقین کی بھرپور سپورٹ نے دل جیت لیا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستانی کرکٹرکی نئی نسل ایک عرصہ تک اسٹار پلیئرز کو اپنے میدانوں پر ایکشن میں دیکھنے سے محروم رہی، انھوں نے کبھی ڈیوڈ وارنر اوراسٹیون اسمتھ سمیت بڑے کھلاڑیوں کو اپنے اسٹیڈیمز میں پرفارم کرتے ہوئے نہیں دیکھا، آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان میں اب زیادہ وقت باقی نہیں، وہاں کھیلتے ہوئے مجھے جو شاندار تجربات ہوئے ان سے ساتھی کرکٹرز کو بھی آگاہ کیا ہے۔

انھیں بتایا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے کچھ کرنے اور نئی نسل کے دل جیتنے کا بہترین موقع ہے، امید ہے سب پاکستانیوں کی میزبانی سے لطف اندوز ہونے کے بھرپور موقع سے فائدہ اٹھائیں گے،بہترین کرکٹ سے شائقین کو بھی بھرپور تفریح حاصل ہوگی۔

ایشز کے چوتھے ٹیسٹ میں موقع ملتے ہی رنز کے ڈھیر لگادینے والے آسٹریلوی بیٹر نے کہا کہ دورہ پاکستان کے لیے اسکواڈ میں اپنی شمولیت کے لیے پرامید ہوں،بے پناہ محبت کرنے والے شائقین کے سامنے کرکٹ کھیلنے کا بڑی بے تابی سے انتظار کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 3ٹیسٹ اتنے ہی ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلیے پاکستان آئے گی، طویل فارمیٹ کی سیریز کا پہلا میچ 3 مارچ کوکراچی میں شروع ہوگا،آسٹریلوی بورڈ کا وفد پاکستان کا دورہ کرنے کے بعد سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دے چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں