وزیر اعلیٰ سندھ کراچی آپریشن کے کپتان ہیں جس سے چاہیں بیٹنگ کرائیں وزیر داخلہ

میچ کے دوران اسٹیڈیم میں شور تو ہوتا ہے لیکن قائم علی شاہ اس کی پرواہ نہ کریں، چوہدری نثار علی خان

غیر قانونی موبائل فون سمز کے باعث آپریشن متاثر ہورہا ہے، قائم علی شاہ فوٹو: پی پی آئی

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کراچی آپریشن کے کپتان ہیں لہٰذا وہ جس سے چاہیں بیٹنگ کرائیں اور جس سے چاہیں بولنگ۔


وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 6 ماہ بعد چوہدری نثار نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ساتھ امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں آخری مجرم کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، دوران اجلاس قائم علی شاہ نے کراچی آ پریشن کے دوران گرفتار ملزمان کے کیسز میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی موبائل فون سمز کے باعث آپریشن متاثر ہورہا ہے، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے وزیر اعلیٰ کو آپریشن کا کپتان بنایا ہے لہٰذا اب کپتان کی مرضی ہے کہ وہ جس سے چاہے بیٹنگ کرائے اور جس سے چاہے بولنگ، میچ کے دوران اسٹیڈیم میں شور تو ہوتا ہے لیکن قائم علی شاہ اس کی پرواہ نہ کریں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاق سے آپریشن جاری رکھنے کے لئے پولیس کو جدید سازو سامان فراہم کرنے سے متعلق تعاون کا بھی مطالبہ کیا۔

اجلاس کے دوران رینجرز حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اب تک 1700 گرفتاریاں کیں، 280 ملزمان زیر تفتیش ہیں جبکہ 67 ملزمان تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت ان کی تحویل میں ہیں۔ پولیس حکام نے بریفنگ میں آپریشن کے اعدادو شمار سے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 5 ماہ میں 16 ہزار 219 ملزم گرفتار کئے جن میں 4 ہزار 385 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔
Load Next Story