کور کمانڈرز کانفرنس شرکا کو آپریشن ردالفساد کی تازہ کامیابیوں پر بریفنگ

ملکی داخلی سکیورٹی کی صورتحال سمیت بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال

آرمی چیف کا درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے تربیت اور جنگی تیاریاں جاری رکھنے پر زور - فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں داخلی سکیورٹی کی صورتِ حال اور بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ساتھ ہی شرکا کو آپریشن ردالفساد کی تازہ کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت 246 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس کے دوران ملکی داخلی سکیورٹی کی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو آپریشن ردالفساد کی تازہ ترین پیش رفت اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مری کے برفانی طوفان اور بلوچستان میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے متاثرین کو مدد کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان قدرتی آفات کے دوران ریلیف آپریشن میں شامل فارمیشن کی کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت اور جنگی تیاریاں جاری رکھنے پر زور دیا۔
Load Next Story