پاکستان اب بھی دنیا کے بہت سے ممالک سے سستا ہے وزیراعظم

برآمدات نہیں بڑھائیں گے تو آئی ایم ایف میں پھنس جائیں گے، پیاز اور ٹماٹر بیچ کر خوشحال نہیں ہو سکتے، عمران خان


ویب ڈیسک January 11, 2022
برآمدات نہیں بڑھائیں گے تو آئی ایم ایف میں پھنس جائیں گے، پیاز اور ٹماٹر بیچ کر خوشحال نہیں ہو سکتے، عمران خان - فوٹو:فائل

PESHAWAR: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ابھی بھی دنیا کے بہت سے ممالک سے سستا ملک ہے، ہم پیاز اور ٹماٹر بیچ کر خوشحال نہیں ہو سکتے۔

انٹرنیشنل چیمبرز کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہے، امریکا اور برطانیہ میں مہنگائی کی وجہ سے حکومتوں پر تنقید ہو رہی ہے، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت بھارت اور بنگلادیش سے کم ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ برآمدات نہیں بڑھائیں گے تو آئی ایم ایف میں پھنس جائیں گے، محصولات میں اضافے کے لیے ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہوگا، پاکستانی دنیا میں سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر صدی میں بڑا بحران آتا ہے، ہمارے دور میں کورونا آ گیا، دوست ممالک فنڈز نہ دیتے تو ہم نے ڈیفالٹ کر جانا تھا، کورونا میں جو فیصلے میں نے کیے وہ آج بورس جانسن انگلینڈ میں کر رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بنانا ریپبلکس میں وسائل کی کمی نہیں ہوتی وہاں قانون نہیں ہوتا، ہماری جنگ قانون کی بالادستی قائم کرنے کی ہے، ملک میں انصاف نہیں ہوتا اس کی بڑی وجہ کرپشن ہے، مافیاز نہیں چاہتے ملک میں قانون کی بالادستی ہو، قانون کی بالادستی کی جنگ صرف عمران خان نے نہیں سب نے لڑنی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صنعتیں لگانے کے لیے زمین لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے، زمینوں کو لیز کر کے سستے داموں انڈسٹریز کو دی جائیں گی، انڈسٹری کے لیے زمین لیز پر حاصل کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں