ایل پی جی ایک روز کے بعد مزید 5 روپے فی کلو مہنگی

دو ورز کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں10روپے کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، گیس مافیا نے قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کیا


Business Reporter February 14, 2014
اوگرا کی منظوری کے بغیر قیمتیں بڑھائی گئیں، شدید احتجاج کریں گے، ڈسٹری بیوٹرز۔ فوٹو: فائل

سردی کی شدت میں اضافے اور قدرتی گیس کی قلت نے ایل پی جی مافیا کو بے لگام کردیا ہے اور مارکیٹنگ کمپنیوں نے محض دو روز میں ایل پی جی کی قیمت میں دوسری مرتبہ اضافہ کردیا ہے۔

اس مرتبہ ایل پی جی مافیا نے فی کلو کی قیمت میں5روپے ،گھریلو سلنڈر کی قیمت میں60روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں240روپے کا اضافہ کیا ہے جبکہ اس ضمن میں اوگرا کی منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کی من مانیوں کو نہ روکا گیا تو ملک بھر میں شدید احتجاج کریں گے، مارکیٹنگ کمپنیوں نے 3 دن میں دوسری بار اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر قیمتوں میں اضافہ کر کے قانون کی دھجیاں اڑا دیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محض دو ورز کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں10روپے کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، گیس مافیا نے قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے کیلیے مصنوعی قلت کا ڈرامہ شروع کر دیا ہے جبکہ ملک میں ایل پی جی وافر مقدار میں موجود ہے۔ عرفان کھوکھر نے وزیراعظم، وزیر پٹرولیم اور اوگرا سے اپیل کی کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافے کافوری نوٹس لیا جائے ۔ ایل پی جی کے نرخوں میں اضافے کے بعد لاہور، راولپنڈی ، اسلام آباد، کراچی اور تمام بڑے شہروں میں قیمت ایل پی جی کی فی کلو قیمت 120روپے اور مری، گلگت بلتستان ، فاٹا، ناران، کاغان ، آزاد کشمیر وغیرہ سمیت تمام پہاڑی علاقوں میں 140روپے فی کلو میں ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں