ٹنڈو جام میں کچی شراب پینے سے 7 افراد ہلاک

نوجوانوں کو شراب پینے کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر مقامی اسپتالوں میں لایا گیا


Staff Reporter January 12, 2022
نوجوانوں کو شراب پینے کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر مقامی اسپتالوں میں لایا گیا- فوٹو:فائل

ٹنڈوجام میں کچی شراب پینے سے 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

ٹنڈوجام کے مختلف علاقوں میں چند ہی گھنٹوں میں 7 افراد کی اچانک اموات واقع ہوئی ہیں، ذرائع سے معلوم ہوا ہے ان سب نے نوجوان کی موت زیریلی کچی شراب پینے سے ہوئی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں کھیسانہ موری، رشید کالونی، کریم آباد کالونی، سی وی ڈی ایل کالونی کے رہائشی اور زرعی تحقیقاتی ادارے کا ملازم شامل ہے جبکہ ایک شخص نمون کولھی کو شدید تشویشناک حالت میں حیدرآباد اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ معلوم ہوا ہے کہ شراب پینے سے مزید ہلاکتیں بھی ہو سکتی ہے۔

نوجوانوں کو شراب پینے کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر مقامی اسپتالوں میں لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مرنے کی تصدیق کی جس کے بعد ورثا گھر لے گئے اور دفنا دیا گیا۔

ٹنڈوجام تھانے کے ایس ایچ او پرویز خان خٹک کا کہنا ہے کہ کچی شراب سے تین افراد کی ہلاکت کی خبر پر ورثا سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ شراب پینے سے نہیں بلکہ بیماری کی وجہ سے فوت ہو گئے جس کے بعد ہم نے مختلف اسپتالوں میں بھی چیک کیا مگر کہیں بھی شراب پینے سے موت کے واقعے کا علم نہیں ہو سکا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقے میں شراب پینے سے اموات ہوئی ہیں، رابطہ کرنے پر ڈی ایس پی ٹنڈوجام علی رضا لغاری کا کہنا ہے کہ ان تمام افراد کے گھروں پر گئے ہیں مگر کسی کی بھی شراب پینے سے موت کی تصدیق نہیں ہوئی مزید تحقیق کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اس واقعے کی تمام تر پہلؤوں سے انکوائری کر رہی ہے، ٹنڈوجام کے مختلف مقامات پر ہونے والی 4 افراد کی ہلاکت کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں