لتا منگیشکر کورونا کیساتھ نمونیا میں بھی مبتلا آئی سی یو میں داخل

لتا منگیشکر کو اسپتال سے جلد ڈسچارج نہیں کیا جائے گا، اوشا منگیشکر

ڈاکٹرز نے تصدیق کی ہے کہ لتا منگیشکر کو ہفتے کی رات اسپتال میں داخل کیا گیا تھا فوٹوفائل

ISLAMABAD:
سُروں کی ملکہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کو کورونا کے ساتھ نمونیا کی بھی تشخیص ہوئی ہے گلوکارہ اس وقت انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔

گزشتہ روز لتا منگیشکر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں جس کے بعد انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ تاہم اب تازہ ترین خبر آئی ہے کہ سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر نمونیا میں بھی مبتلا ہیں جس کے بعد انہیں آئی سی یو (انتہائی نگہداشت) کے وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بریچ کینڈی اسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پرتت صمدانی جو پچھلے کئی برسوں سے 92 سالہ گلوکارہ لتا منگیشکر کی دیکھ بھال کررہے ہیں نے تصدیق کی ہے کہ لتا کو ہفتے کی رات اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور وہ نمونیا میں بھی مبتلا ہیں۔


دوسری جانب لتا منگیشکر کی بہن اوشا منگیشکر کووڈ پروٹوکولز کے باعث ان سے ملنے اسپتال نہیں جاسکیں تاہم وہ اپنی بہن کے لیے نہایت فکر مند ہیں اور مسلسل ڈاکٹرز سے رابطے میں ہیں۔

اوشا منگیشکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شاید ان کی بہن کو جلد ڈسچارج نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز ان کی عمر کی وجہ سے انہیں مزید اسپتال میں رکھیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لتا منگیشکرکے ڈاکٹرز نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 10 سے 12 روز اسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔ جب تک کہ لتا منگیشکر کی طبیعت مکمل طور پر بہتر نہیں ہوجاتی۔
Load Next Story