سانحہ مری ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی درخواست سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل درخواست پر سماعت کریں گے

درخواست گزار نے کہا کہ متعلقہ حکام کو حالات کی سنجیدگی سے متعلق آگاہ کردیا گیا تھا—فائل فوٹو

ISLAMABAD:
عدالت میں سانحہ مری سے متعلق تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل درخواست پر سماعت کریں گے۔

مزیدپڑھیں: سانحہ مری سے واضح ہوا کہ ملک پہ نااہلی، بے حسی اور ظلم مسلط ہے، شہبازشریف

مری کے رہائشی حماد عباسی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سانحہ مری کے تمام ذمہ داروں کے خلاف مجرمانہ غفلت کی کارروائی کی جائے۔

حماد عباسی نے کہا کہ سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی نوید کے اہلخانہ نے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کیا تھا۔


درخواست میں عدالت سے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید اور پولیس حکام نے اطلاع کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا۔

مزید پڑھیں: مری میں برفباری میں پھنسے 22 سیاح جاں بحق، فوج طلب

علاوہ ازیں درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا کہ 25ہزار سیاح کی گنجائش والے مری میں ایک لاکھ سے زائد سیاحوں کی اجازت کیوں دی گئی ؟

حماد عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ اعلیٰ حکام کی بروقت کارروائی عمل میں نہ لانا دراصل مجرمانہ غفلت کا باعث بنی۔

واضح رہے کہ مری میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید برفباری کے نتیجے میں کم سے کم 22 سیاح مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے جبکہ سیکڑوں وہاں پھنس بھی گئے تھے۔

 
Load Next Story