حکومت نے منی بجٹ منظور کرانے کیلیے حکمت عملی تیار کرلی

تمام ارکان کو آج 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت، وزیراعظم بھی شرکت کریں گے


ویب ڈیسک January 12, 2022
قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کی اہم بیٹھک ہوگی فوٹو:فائل

ISLAMABAD: حکومت نے منی بجٹ منظور کرانے کے لیے حکمتِ عملی تیار کرلی، اراکین کو آج دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت آج قومی اسمبلی میں فنانس سپلیمنٹری بل (منی بجٹ) کو منظوری کے لیے پیش کرے گی۔

حکومت نے بل کی منظوری کے لیے تمام اراکین اسمبلی کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے خود بھی دورانِ اجلاس پارلیمنٹ میں موجودگی کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے طے پائے جانے والے حتمی لائحہ عمل کے تحت پارٹی قیادت نے تمام ارکین کو 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی اہم بیٹھک ہوگی، جس میں فنانس بل کی منظوری، اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کو ناکام بنانے اور حکومتی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: شہبازشریف اور فضل الرحمان کی ملاقات، منی بجٹ بل کو ناکام بنانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور

قبل ازیں پنجاب اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلیٰ (عثمان بزدار، محمود خان) بھی اس حوالے سے اسلام آباد پہنچے، دونوں وزرائے اعلیٰ کی جانب سے ارکان کے اعزاز میں علیحدہ علیحدہ عشائیوں کا اہتمام کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کےعشائیےمیں پنجاب سے تعلق رکھنےوالے جبکہ محمودخان کےعشائیے میں کے پی کے سے تعلق رکھنےوالےارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

دوسری جانب حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے منی بجٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تجاویز پر عمل نہ کرنے کی صورت میں منی بجٹ بل کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔