وزیراعظم آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے منگل کو کراچی آئیں گے

وزیر اعظم کےدورہ کراچی کے موقع پر ایم کیو ایم کی شکایات کے ازالے کیلیے سندھحکومت کی مشاورت سےاہم اقدامات کیے جائیں گے۔


عامر خان February 14, 2014
وزیر اعظم کےدورہ کراچی کے موقع پر ایم کیو ایم کی شکایات کے ازالے کیلیے سندھحکومت کی مشاورت سےاہم اقدامات کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کی قیادت کو مطمئن کرنے کے لیے پیغام دیا ہے کہ 18فروری کو وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ کراچی کے موقع پر ایم کیو ایم کی شکایات کے ازالے کے لیے سندھ حکومت کی مشاورت سے اہم اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات بھی کریں گے، آپریشن کی نگرانی اور شکایات کے ازالے کے لیے چیف سیکرٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے گی ،جس میں وفاقی وزارت داخلہ،محکمہ داخلہ سندھ ،کراچی پولیس ،رینجرز اور دیگر اہم شخصیات کو شامل کیا جائے گا ،یہ کمیٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں رہ کر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر کام کرے گی ،اس دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت سے ایک پراسیکیوشن کمیٹی بھی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ،یہ کمیٹی سیکرٹری قانون کی سربراہی میں قائم کی جائے گی ،جس میں شعبہ تفتیش اور پراسیکیوشن کے اہم افسران کو شامل کیا جائے گا ، یہ کمیٹی مقدمات کو تیزی سے چلانے کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ سے رابطہ کرے گی۔

اس دورے میں وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹارگٹڈ آپریشن کے تیسرے مرحلے کے مطابق کارروائی شروع کرنے کے لیے بھی ہدایات جاری کردی ہیں ،دوسری جانب ایم کیو ایم کی قیادت وزیر داخلہ سے ملاقات میں مطمئن نہیں ہوسکی ہے اور ایم کیو ایم کی قیادت نے وزیر داخلہ پر واضح کر دیا ہے کہ جب تک مانیٹرنگ کمیٹی کام شروع نہیں کرتی اور ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور نہیں کیا جاتا ایم کیو ایم احتجاج کے اعلان سے دستبردار نہیں ہوگی ،وزیر اعظم کے 18فروری کے دورہ کراچی کے موقع پر امن و امان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوگا ،جس میں آپریشن کے تیسرے مرحلہ شروع کیے جانے کا باضابطہ اعلان متوقع ہے جبکہ اس دورے میں وزیر اعظم آپریشن کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی کا اعلان کریں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں