پاک بھارت ورکنگ گروپ کی ملاقات جلد دہلی میں ہوگی پاکستان

سعودی عرب سےایٹمی تعاون کی خبریں بےبنیادہیں،سعودی عرب کولڑاکاطیارے ودیگرفوجی سازوسامان کی فروخت میں دلچسپی رکھتے ہیں


Numainda Express February 14, 2014
نیٹوسمیت کسی ملک سے معاہدہ افغانستان کااندرونی معاملہ ہے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، بھارت کے ساتھ کنٹرول لائن پرتجارت دوبارہ شروع کرنیکافیصلہ کیاہے،ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارت کے ساتھ لائن آف کنٹرول پرتجارت کے دوبارہ سے آغاز کا فیصلہ کیاہے، اس حوالے سے دونوںممالک کے متعلقہ ''ورکنگ گروپ'' کی ملاقات عنقریب بھارتی دارالحکومت میں متوقع ہے۔

یہ بات ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ پاکستان نے جوہری شعبے میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے حوالے سے مختلف اخباری رپورٹس کی تردیدکرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان ایٹمی تعاون کی خبریں بے بنیادہیں تاہم پاکستان سعودی عرب کوجدیدلڑاکاطیارے جے ایف تھنڈر اور مشاق طیارے سمیت دیگرفوجی سازوسامان کی فروخت میں گہری دلچسپی رکھتاہے۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جوہری تعاون کے حوالے سے رپورٹس کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں دونوں ممالک اس ضمن میں کسی بھی قسم کی گفتگو نہیں کر رہے۔

انھوں نے کہاکہ ہم پچھلے 40 سال سے جوہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کررہے ہیں ہمارے کئی جوہری پاورپلانٹس ہیں، ہمارا جوہری ہتھیاروں کاپروگرام بھی ہے جوخفیہ نہیں بلکہ سب پر ظاہرہے، ساتھ ہی پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کے قوانین کے تابع ہے، ہماراجوہری پروگرام ہرطرح سے محفوظ ہے اس لیے اس کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا قابل مذمت ہے۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیزاس ماہ کی 15 تاریخ سے پاکستان کا3 روزہ دورہ شروع کررہے ہیں،اس اعلیٰ سطح کے دورے کے نتیجے میں موقع ملے گاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایاجائے۔

انھوں نے افغانستان کے مسئلے پرترکی میں سہ ملکی سربراہی کانفرنس جس میں ترکی، پاکستان اورافغانستان شریک ہیں کوایک اہم پیش رفت قراردیااورکہاکہ اس سے پڑوسی ملک میں قیام امن کی کوششوں کوتقویت ملے گی، افغانستان کانیٹوسمیت کسی ملک سے کوئی بھی معاہدہ کرنااس کااندرونی معاملہ ہے ہم افغانستان میں امن کے خواہاںہیں۔ امریکا میں حادثے کاشکارہونے والے پاکستانی طالب علم شاہ زیب کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ امریکا میں پاکستانی سفارتی مشن نے وہاںقیام اورویزے کے اجرا کے حوالے سے شاہ زیب کے خاندان کی بھرپورمددکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔