مجمع اکھٹا کر کے حکومت گرانا ہمارا مقصد نہیں ہے مراد علی شاہ

ناتجربہ کار لوگوں کی حکومت کوئی نہ کوئی بحران پیدا کرتی ہے، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک January 15, 2022
ہم جتنی دیر خاموش بیٹھیں گے معاملہ اتنا ہی گھمبیر ہوتا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ (فوٹو: فائل)

ISLAMABAD: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجمع اکھٹا کر کے حکومت کو گرانا ہمارا مقصد نہیں مگر حکومت کو گھر بھیجنا بھی اب ضروری ہوگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورت حال، مہنگائی اور عوامی پریشانی پر اب سیاسی جماعتوں کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے، تنخواہ دار اور دیہاڑی والوں سے مہنگائی کے بارے میں پوچھیں تو صحیح اندازہ ہوگا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی موجودگی میں عوام کی تکلیف دور ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہے، ہم جتنی دیر خاموش بیٹھیں گے معاملہ اتنا ہی گھمبیر ہوتا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس حکومت کا شیوا رہا کہ پہلے بحران پیدا کرو اور پھر چند روپے کم کرکے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا دعویٰ کرو، جس وزیر اعظم کی تنخواہ اور انکم ایک سال میں چار سے پانچ ہزار فیصد بڑھ جائے اسے مہنگائی کہاں نظر آئے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ناتجربہ کار لوگوں کی حکومت کوئی نہ کوئی بحران پیدا کرتی ہے، اردگرد کے ممالک سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان میں چار گنا زیادہ مہنگائی ہوئی ہے، حکومت کو جلد گھر نہ بھیجا تو عوام اور ملک کی پریشانیاں مزید بڑھ جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول کے مطابق مارچ تک حلقہ بندیاں مکمل کرے گا جس کے بعد جلد ہی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، ہم نے اسمبلی سے منظور ہونے والے قانون میں لوکل گورنمنٹ کو زیادہ اختیار دیے اور اسے پہلے سے زیادہ مستحکم کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اس سال ہم نے پورے سندھ کے لیے اسکیمیں متعارف کرائی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں