ویرات کوہلی کا بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان

ویرات کوہلی نے اپنے فیصلے سے کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا


ویب ڈیسک January 15, 2022
ٹی ٹوینٹی کے بعد اب کوہلی نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو)

ISLAMABAD: بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کپتانی سے دستبرار ہونے کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے ٹی ٹوینٹی کے بعد اب ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اس فیصلے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں دو ایک سے شکست اور تنقید کے بعد کوہلی نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ویرات کوہلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے 7 سال تک سخت محنت کر کے ٹیم کو درست راہ پر لانے کی کوشش کی۔

کوہلی نے کہا کہ انہوں نے اپنا کام ایمانداری کے ساتھ کیا اور ذمہ داریاں بھرپور انداز سے نبھانے کی کوشش کی۔

ویرات کوہلی نے بھروسہ کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے تک اپنے ملک کی نمائندگی اور قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے ٹیسٹ ٹیم اور تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے 7 سال تک بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی،انہیں بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کامیاب ترین کپتان مانا جاتا ہے کیونکہ اُن کی قیادت میں ٹیم نے چالیس میچوں میں فتح اپنے نام کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔