بلاول نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کا معاشی قتل قرار دے دیا

عوام 27 فروری کو اسلام آباد کے لیے نکلیں گے اور مہنگائی کے ذمہ دار وزیراعظم سے حساب لیں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی


Staff Reporter January 16, 2022
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام پر پڑیں گے—فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فی لیٹر پیٹرول پر 3 روپے اضافے پر حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام کا معاشی قتل قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے سے زائد اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ درحقیقت عوام کا معاشی قتل ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گیس اور بجلی کے بعد اب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکا ہے، ریاستِ مدینہ کا دعویٰ کرنے والے حکمراں کو خبر ہو کہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام پر پڑیں گے۔

مزیدپڑھیں: مہنگائی سے نجات کا واحد حل عمران حکومت کا خاتمہ ہے، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور اب پاکستان سے متعلق تمام فیصلے بیرون ملک میں ہورہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیٹرول مہنگا، بجلی مہنگی، گیس مہنگی، عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اور اب پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو اسی مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہیے تو عمران خان کی حکومت سے نجات ضروری ہے جس کے لیے عوام 27 فروری کو اسلام آباد کے لیے نکلیں گے اور مہنگائی کے ذمہ دار وزیراعظم سے حساب لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔