کپتانی چھوڑنے کے فیصلے پر انوشکا کا ویرات کوہلی کے نام جذباتی پیغام

آپ نے کبھی عہدے کا لالچ نہیں کیا، میری اور مداحوں کی نظر میں آپ نے مقام بنایا، انوشکا


ویب ڈیسک January 16, 2022
شکست کے بعد آپ کا رونا یاد ہے، کوہلی کی ریٹائرمنٹ پر انوشکا کی جذباتی پوسٹ (فوٹو انٹرنیٹ)

RAWALPINDI: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے پر ویرات کوہلی کے لیے جذباتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے کچھ شکستوں کے بعد کوہلی کے رونے کا تذکرہ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ویرات کوہلی نے 7 سال کے طویل عرصے کے بعد بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اُن کے اچانک اعلان پر کرکٹرز، شوبز شخصیات، شائقین کرکٹ حیران ہوئے اور کوہلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ویرات کوہلی کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے شوہر کی ریٹائرمنٹ پر ایک طویل جذباتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے ماضی کے قصوں کا تذکرہ بھی کیا۔

انوشکا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ 'مجھے 2014 کا وہ دن آج بھی یاد ہے جب آپ نے دھونی کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور خود کو کپتان بنائے جانے کا تذکرہ کیا تھا'۔

اداکارہ نے لکھا کہ 'اُس دن کے بعد سے میں نے آپ کی کامیابی اور ترقی دیکھی، میں بطور بھارتی شہری آپ کی قیادت اور ٹیم کی کامیابیوں جبکہ بیوی ہونے کی حیثیت سے آپ کے اندر پیدا ہونے والی بہتری اور تبدیلی پر فخر محسوس کرتی ہوں'۔

مزید پڑھیں: ویرات کوہلی کا بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان

انوشکا شرما نے لکھا کہ 'آپ نے اس دور میں میدان کے علاوہ بھی بہت سارے چیلنجز کا سامنا کیا کیونکہ زندگی آپ کا ان جگہوں پر امتحان لیتی ہے جہاں آپ توقع بھی نہیں کرسکتے، مگر مجھے فخر ہے کہ آپ نے اپنے ارادوں اور بلند پرواز کے درمیان کسی چیز کو رکاوٹ نہیں بننے دیا'۔

انہوں نے شکست پر ویرات کوہلی کے آبدیدہ یا اشکبار ہونے کا قصہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ 'کچھ شکستوں کے بعد آپ کی آنکھوں میں آنسو تھے اور اُس وقت میں آپ کے ساتھ بیٹھی تھی، آپ نے میدان میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کی اور آگے بڑھنے کی ہمت کو باندھ کر رکھا۔

انوشکا نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'آپ نے کبھی عہدے کا لالچ نہیں کیا، ہاں مسلسل کوشش کرنے کی عادت نے میری اور مداحوں کی نظر میں آپ کا ایک مقام بنا دیا ہے جسے کبھی کوئی ختم نہیں کرسکے گا، آپ نے سات برسوں کے دوران بہت اچھا کیا اور بطور کپتان بہت کچھ سیکھا جسے اب ہماری بیٹی وامیکا بھی دیکھے گی اور فخر محسوس کرے گی'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں