کراچی میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

پارکنگ فیس وصول کرنے والوں نے بدمعاش لوگ بٹھائے ہوتے ہیں، سندھ ہائیکورٹ

پارکنگ فیس وصول کرنے والوں نے بدمعاش لوگ بٹھائے ہوتے ہیں، سندھ ہائیکورٹ فوٹو: فائل

GILGIT:
سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل بینچ کے روبرو غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے کیخلاف دخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے جو لوگ غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کررہے ہیں ان کیخلاف فوری کارروائی کریں۔

عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پورے شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والے موجود ہوتے ہیں۔ پارکنگ فیس وصول کرنے والوں نے بدمعاش لوگ بٹھائے ہوتے ہیں۔


جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے اگر کسی کے پاس 20 روپے نہیں ہوتے تو یہ لوگ ان معزز شہری کو بے عزت کرتے ہیں۔ لوگ اپنی فیملیوں کے ساتھ جاتے ہیں تو یہ لوگ 20 روپے کیلئے تنگ کرتے ہیں۔ ان کیخلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کرتا۔ پولیس والے کہتے ہیں ہمارا مسئلہ نہیں ٹریفک پولیس والے کہتے ہیں ہمارا مسئلہ نہیں۔

جسٹس عبد المبین لاکھو نے استفسار کیا کہ پارکنگ فیس وصول کرنے کا کیا طریقہ کار ہے۔ اگر کسی کے گھر کے باہر گاڑی کھڑی ہو تو اس سے بھی فیس وصول کی جاتی ہے۔ ڈی ایم سی کیماڑی کے وکیل نے موقف دیا کہ اس قسم کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کس جگہ کس گاڑی سے کتنی فیس وصول کرنی ہے اس کا نوٹیفیکشن دکھائیں۔ فیس وصولی سے متعلق نوٹفیکیشن جمع نہ کرنے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے اور غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی۔
Load Next Story