کراچی میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان

ملک میں یہ سلسلہ داخل ہونے بعد شہر میں ہوائیں تھم جائینگی،اور سردی کی شدت میں کمی کاامکان ہے، سردار سرفراز


ویب ڈیسک January 17, 2022
کوئٹہ میں بارش کے بعد کراچی میں موسم مزید سرد ہوگا،محکمہ موسمیات:فوٹو:فائل

LONDON: مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ آج بلوچستان میں داخل ہوگا، شہرمیں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم آج سے مجموعی درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے جبکہ 22 جنوری سے سردی کی نئی لہرمتوقع ہے جو ایک ہفتے تک برقراررہ سکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیرکو کم سے کم پارہ 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق افغانستان ایران میں مغربی ہواوں کا سلسلہ ایران کے راستے آج شمالی بلوچستان میں داخل ہوگا۔ نئے سسٹم کے تحت کراچی سمیت دیہی سندھ کے کسی بھی اضلاع میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں یہ سلسلہ داخل ہونے بعد شہر میں ہوائیں تھم جائینگی،اور سردی کی شدت میں کمی کاامکان ہے۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق 22 جنوری سے شہر میں سردی کی شدت میں ایک بار پھراضافہ متوقع ہے۔ نئی لہر کے سبب جنوری کے اختتام تک شہر میں سردی رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سسٹم کا پھیلاو شمالی بلوچستان تک آنے کے باعث گذشتہ رات کوئٹہ،پشین اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی اور کل سے یہ سلسلہ شمالی اور وسطی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا باعث بنے گا جبکہ 20 جنوری تک یہ ملک کے شمالی حصے پر بھی اثرانداز ہوگا۔

تاہم 22 جنوری کو مغربی ہوائیں بلوچستان اورجنوبی پنجاب نکل جائیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری جبکہ زیادہ سےزیادہ 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ صبح کے وقت دھند چھانے کے سبب حدنگاہ 3کلومیٹر تک کم ہوئی اور آج (منگل) کو بھی شہر کی فضاوں پر ہلکی دھند چھانے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں