دبئی میں ’خلائی ہیرے‘ کی نمائش

یہ نایاب سیاہ ہیرا شاید لاکھوں سال پہلے زمین سے ٹکرانے والے کسی شہابِ ثاقب کا حصہ تھا


ویب ڈیسک January 18, 2022
یہ نایاب سیاہ ہیرا شاید لاکھوں سال پہلے زمین سے ٹکرانے والے کسی شہابِ ثاقب کا حصہ تھا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لاہور: مشہور برطانوی نیلام گھر 'سودبیز' نے دبئی میں 555.55 قیراط کا ایک سیاہ ہیرا پیش کیا ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ خلا سے زمین پر آیا ہے۔

یہ ہیرا جسامت میں خاصا بڑا ہے اور اس کے 55 پہلو ہیں جو اسے اور بھی زیادہ منفرد بناتے ہیں۔

اس ہیرے کو ''اینگما'' (معما) کا نام دیا گیا ہے جبکہ اسے دنیا کے نایاب ترین ہیروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

کوئی نہیں جانتا کہ یہ ہیرا کہاں سے آیا ہے لیکن ایک مفروضے کے مطابق، یہ لاکھوں سال پہلے زمین سے ٹکرانے والے کسی شہابِ ثاقب کا حصہ رہا ہوگا جو کسی طرح سے محفوظ رہ گیا۔

بتاتے چلیں کہ سیاہ ہیروں کو 'کاربونیڈو' بھی کہا جاتا ہے جو اب تک صرف برازیل اور وسطی افریقہ ہی سے ملے ہیں۔

'اینگما' کو دبئی کے بعد لاس اینجلس میں بھی نمائش کےلیے رکھا جائے گا جبکہ اس کی آخری منزل لندن ہوگی جہاں اسے فروری میں نیلام کیا جائے گا۔

سودبیز دبئی میں ہیروں کی ماہر سوفی اسٹیونز کا کہنا ہے کہ پانچ (5) کی تکرار اس ہیرے کےلیے بہت خاص ہے کیونکہ ایک طرف تو یہ 555.55 قیراط وزنی ہے تو دوسری جانب اس کے 55 پہلو بھی ہیں۔

شاید اسی بناء پر سودبیز کو امید ہے کہ یہ کم از کم 50 لاکھ برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 120 کروڑ پاکستانی روپے) میں نیلام ہوگا۔

اس ہیرے کی نیلامی کے عوض سودبیز نے کرپٹو کرنسی بھی قبول کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

سوفی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشرقی مذاہب میں پانچ (5) کا ہندسہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے لہذا یہ ہیرا ان کے ابتدائی اندازوں سے کہیں زیادہ مالیت میں بھی نیلام ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں