اسٹیٹ بینک کے تمام اثاثے وفاقی حکومت کی ملکیت ہی رہیں گے حماد اظہر

اسٹیٹ بینک کے معاملے پر اپوزیشن عوام کو گمراہ کررہی ہے، وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک January 18, 2022
تحریک انصاف نے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کو تحفظ دیا ہے، حماد اظہر (فائل فوٹو)

لاہور: وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور اس کے تمام اثاثے وفاقی حکومت کی ملکیت ہی رہیں گے جبکہ گورنر اور ڈپٹی گورنر کی تعیناتی کا فیصلہ بھی حکومت کرے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اسد عمر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کو تحفظ دیا مگر مسلم لیگ ن اس معاملے پر اپنی سیاسی دکان چمکا رہی ہے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں اسٹیٹ بینک آزاد ہوتا ہے وہاں افراط زر کم ہوتا ہے، پاکستان کا اسٹیٹ بینک دنیا کے دیگر مرکزی بینکوں سے زیادہ خودمختار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے اثاثہ جات اور بورڈ آف ڈائریکٹرز تعینات کرنے کا اختیار بھی حکومت کے پاس ہی رہے گا، اپوزیشن عوام کو اس معاملے پر گمراہ کررہی ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک اب پاکستان کے معاملات سے آزاد ہوگیا، شاہد خاقان عباسی

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہر معاملے پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہے، عالمی طور پر ہونے والی مہنگائی پر بھی انہوں نے سیاست کرنے کی کوشش کی مگر ناکام ہوگئے۔

گیس قلت کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سردیوں میں ایک ماہ کیلئے صنعتی گیس گھریلو صارفین کو منتقل کی جاتی ہے، ہماری حکومت بھی ترجیح بنیاد پر گھریلو صارفین کو گیس فراہم کررہی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کراچی میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جنرل انڈسٹری کو دیا گیا حکم امتناع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں