سندھ حکومت کا کمزور کنٹرول نجی اسکولز و جامعات بغیر منظوری آن لائن کلاسز پر منتقل

سرکاری فیصلہ آنے سے قبل ہی کووڈ کی حالیہ لہر کو بنیاد بناکر چند اسکولز اور ایک جامعہ نے آن لائن کلاسز شروع کر دیں


Safdar Rizvi January 19, 2022
تعلیمی اداروں کی بندش کی حکومتی پالیسی نہیں آئی، طارق رفیع، فزیکل کلاسز بند ہونے سے والدین اور طلبا میں بے چینی فوٹو: فائل

لاہور: سندھ میں نجی تعلیمی اداروں پر حکومتی کنٹرول کمزور ہونے کے سبب پرائیویٹ اسکولوں اور جامعات نے سرکاری منظوری کے بغیر اپنے کیمپسز از خود بند کرنا شروع کردیے ہیں۔

کراچی کی نجی شعبے کی معروف جامعہ حبیب یونیورسٹی نے طلبہ کے لیے اپنا کیمپس بند کرتے ہوئے انھیں پیر سے آن لائن کلاسز کی ہدایت کردی ہے، ادھر شہر کے معروف اور قدیم مانا پارسی اسکول، بے ویو اکیڈمی اور نیکسر کالج بھی بند کردیا گیا ہے بند ہونے والے اسکولوں میں ڈیفنس ، کلفٹن اور پی ای سی ایچ ایس کے کچھ مزید اسکول بھی شامل ہیں۔

ان اسکولوں میں فزیکل کلاسز کی بندش کے سبب والدین اور طلبہ میں بے چینی پھیلی گئی ہے کیونکہ والدین کا کہنا ہے کہ رواں تعلیمی سیشن 2021/22 میں بمشکل تاہم بغیر کسی رکاوٹ کے فزیکل بنیادوں پر تدریسی سلسلہ شروع ہوا تھا جو ایک بار پھر رکنا شروع ہوگیا ہے۔

اچانک اسکولوں سے سرکلر بھیج دیا گیا ہے کہ ہم آن لائن جا رہے ہیں اور کم از کم جنوری کے لیے فزیکل کلاسز بند کی جا رہی ہیں جبکہ آن لائن کلاسز کے حوالے سے ہماری کوئی تیاری نہیں، ایک نجی اسکول میں پڑھنے والے کم عمر طالب علم کی والدہ کا کہنا تھا وہ خود ایک اسکول میں ٹیچر ہیں ان کا اسکول کھلا ہوا ہے لیکن میرے بیٹے کا اسکول آن لائن ہوگیا ہے۔ اب گھر میں صبح کے وقت بچے کے ساتھ آن لائن کلاسز کے وقت کوئی موجود نہیں ہو سکتا۔

حبیب یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے''ایکسپریس''کو بتایا کہ ہماری آخری فزیکل کلاس جمعرات 13 جنوری کو ہوئی تھی اسی دوران ای میل ملی کہ اب پیر 17 جنوری سے کلاسز آن لائن ہوں گی، طالب علم کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کم از کم 3 سیمسٹر آن لائن پڑھ چکے ہیں اب ایک بار پھر آن لائن سیمسٹر شروع کردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ایکسپریس نے جب نجی یونیورسٹیز کی مانیٹرنگ باڈی چارٹر انسپکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فی الحال کوئی حکومتی پالیسی نہیں آئی ہے لہذا اس معاملے پر ہم نجی یونیورسٹی سے ضرور پوچھیں گے۔

علاوہ ازیں ماما پارسی اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ کے سبب مانا پارسی اسکول 19 جنوری سے 28 جنوری تک واپس آن لائن کلاسز پر جا رہا ہے، مزید براں جنوری کے آخری ہفتے میں طے کیا جائے گا کہ اسکول آن لائن کلاسز جاری رکھیں جائیں یا نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں