کوک اسٹوڈیو14 پروڈیوسر زلفی پر ’’تو جھوم‘‘ کی دھن چوری کرنے کا الزام

یہ دھن میں نے زلفی کو تقریباً سات ماہ قبل واٹس ایپ پر بھیجی تھی،نرملا میگھانی


ویب ڈیسک January 19, 2022
یہ دھن میں نے زلفی کو تقریباً سات ماہ قبل واٹس ایپ پر بھیجی تھی، موسیقار نرملا میگھانی فوٹوفائل

اسلام آباد: کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پروڈیوسر زلفی خان پر گانے ''تو جھوم'' کی دھن چوری کرنے کا الزام لگا ہے۔

یہ گانا نصیبو لال اور عابدہ پروین نے گایا ہے اور اس گانے کو کافی پزیرائی مل رہی ہے۔ تاہم اس گانے سے متعلق ایک تنازع منظرعام پر آیا ہے۔ صوبہ سندھ کے علاقے عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان گلوکارہ اور موسیقار نرملا میگھانی نے دعویٰ کیا ہے کہ گانے ''تو جھوم'' کی دھن ان کی ہے جسے زلفی خان نے استعمال کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نرملا نے بتایا کہ یہ دھن میں نے زلفی کو تقریباً سات ماہ قبل واٹس ایپ پر بھیجی تھی۔ میں نے زلفی کو سات ریکارڈنگز بھیجی تھیں یہ دھن ان ہی میں سے ایک ہے۔



انہوں نے اپنی دھنیں پروڈیوسر زلفی کو بھیجنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں ایک نئی آرٹسٹ ہوں اور ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھی ۔ میں نے انہیں اپنا اوریجنل میوزک بھیجا تاکہ وہ مجھے چانس دے سکیں۔ لیکن زلفی نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

پروڈیوسر زلفی نے اپنے اوپر لگے چوری کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں ملک بھر سے کئی گلوکاروں اور فنکاروں کی جانب سے مل کر کام کرنے کی درخواستیں ملتی رہتی ہیں۔ لیکن کوک سٹوڈیو میں ان فنکاروں کی جانب سے بھیجے جانے والے سیمپلز سے کچھ استعمال نہیں کیا جاتا۔

زلفی نے مزید کہا کہ وہ نرملا کے گانے خود سُنیں گے اور مستقبل میں ممکن ہوا تو ان کے ساتھ مل کر کام بھی کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے نوجوان فنکار ملک کا مستقبل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں