اپوزیشن جماعتیں صدارتی نظام کی افواہیں پھیلا رہی ہیں صوبائی وزیر

حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، صوبائی وزیر

کوئی بھی جمہوری جماعت صدارتی نظام کی حمایت نہیں کرے گی، عبدالرحمان کھیتران (فائل فوٹو)

ISLAMABAD:
بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا ہے کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے اپوزیشن جماعتیں صدارتی نظام کی افواہیں پھیلا رہی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر برائے تعمیرات عبد الرحمان کھیتران نے قومی شاہراہ پر جاری تعمیراتی منصوبے کا جائزہ لینے پہنچے جہاں انہیں ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ترقیاتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔


صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ صدارتی نظام کے حوالے سے زیر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے کیونکہ اپوزیشن نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے یہ افواہ پھیلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جمہوری جماعت صدارتی نظام کی حمایت نہیں کرے گی، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام کی بے پناہ قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال مجموعی طور پر بہتر ہوئی ہے، مٹھی بھر عناصر معصوم اور بے گناہ شہریوں پر حملوں میں ملوث ہیں۔
Load Next Story