متحدہ کا سلامت کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم

دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ورنہ ایم کیوایم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی


Express Desk February 15, 2014
دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ورنہ ایم کیوایم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پی آئی بی کالونی کے علاقے میں لیاری گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے سینئر کارکن اورسابق جوائنٹ یونٹ انچارج سلامت علی کی شہادت کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سلامت علی شہید کے قاتلوں کو72 گھنٹوں میں گرفتارنہیں کیا گیا تو ایم کیوایم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پرپولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیوایم کے معصوم وبے گناہ کارکنوں کو گرفتار کررہے ہیں، انھیں سرکاری حراست میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کوایم کیوایم کے کارکنوں ،ہمدردوں اوردیگرمعصوم شہریوں کے قتل کا کھلا لائسنس دیدیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں نے پی آئی بی میں ایم کیوایم کے کارکن سلامت علی کو بیدردی سے گولیاں مار کر شہید کردیا۔ اس سے قبل بھی پی آئی بی کے علاقے میں پیپلز امن کمیٹی کے دہشت گرد ایم کیوایم کے کئی کارکنوں اور ہمدردوں کو شہید کرچکے ہیں لیکن آج تک کسی ایک شہید کارکن کے قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا اس سے صاف ظاہر ہے کہ ان عناصر کو حکومت سندھ کے بعض عناصرکی مکمل حمایت اورسرپرستی حاصل ہے۔ رابطہ کمیٹی نے صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے کارکن سلامت علی شہید کے قتل میں ملوث گینگ وارکے دہشت گردوں کو فی الفور گرفتارکیاجائے اورانھیں قانون کے مطابق سزادی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں