شاہد آفریدی نے بولنگ متاثر ہونے کے خدشے پرکپتانی سے منع کیا تھا شاہین

کبھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت ملی تو اسے اپنے لیے اعزاز سمجھوں گا، فاسٹ بولر


Sports Reporter January 21, 2022
کبھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت ملی تو اسے اپنے لیے اعزاز سمجھوں گا، فاسٹ بولر

ممتاز فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے شاہد خان آفریدی نے قیادت سنبھالنے سے اس لیے منع کیا تھا کہ کہیں کپتانی میری بولنگ پر اثر انداز نہ ہوجائے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں شاہین آفریدی نے کہا کہ لیگ کے لیے کافی اچھی تیاری کی ہے، لاہور قلندرز اس مرتبہ الگ ہی موڈ میں نظر آئے گی،کپتانی کا مجھ پر دباؤ نہیں ہے، کوئی پریشر نہیں لوں گا، اپنی بولنگ پر بھرپور توجہ ہے، کپتانی بھی اچھی کروں گا، شاہد آفریدی نے میری کافی ہمت افزائی کی اور ان کی دی جانے والی ٹپس میرے کام آئیں گی، شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا تھا کہ ایک فاسٹ بولر اچھا کپتان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کا میچ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے، شائقین اس مقابلے سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں، مینجمنٹ نے کافی اعتماد دیا ہے، مجھے جو موقع ملے گا اس کا فائدہ اٹھاؤں گا، ہمارا کام بہترین کرکٹ کھیلنا ہے ، نتیجے کی پرواہ نہیں، لیگ میں شریک دیگر ٹیموں کی نسبت لاہور قلندر کی بولنگ زیادہ مضبوط ہے، پاکستان کی کپتانی کا نہیں سوچا، اس وقت بابر اچھی کپتانی کررہے ہیں، چاہوں گا کہ بابر اعظم اگلے دس سے پندرہ سال کپتان رہیں، کبھی پاکستان کی کپتانی ملی تو یہ اعزاز ہوگا۔

شاہین نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے لیے میری تیاری مکمل ہے، کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی اور کافی تیاری کی ہے، ڈرافٹ میں موجود اچھے کھلاڑی حاصل کرنے کی کوشش کی،ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے، امید ہے کہ پاکستان کے دورے پر آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا، پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر امید ہوں، کوشش ہو گی بابر اور رضوان کو اپنی بولنگ سے آؤٹ کروں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں