روحانی دوست

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

BERLIN:
علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ
دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں
اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!
اول طریقہ تاریخ پیدائش:
مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔
ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے:
1+2+7+1+9+9=29=2+9=11=1+1=2
گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔
اور طریقہ دوم میں:
سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد، ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے
مثلاً نام ''احسن '' والدہ کا نام '' شمسہ'' والد کا نام '' راشد''
حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:
1 کے حروف (ا،ی،ق،غ) 2 کے حروف (ب،ک،ر) 3 کے حروف (ج،ل،ش)
4 کے حروف (د،م،ت) 5 کے حروف (ہ،ن،ث) 6 کے حروف (و،س،خ)
7 کے حروف (ز،ع،ذ) 8 کے حروف (ح،ف،ض) 9 کے حروف (ط،ص،ظ)
احسن کے نمبر (1،8،6،5) تمام نمبرز کو مفرد کردیں۔
(1+8+6+5=20=2+0= 2 گویا احسن کا نمبر2 ہے۔
ایسے ہی احسن کی والدہ ''شمسہ ''کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے
اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا۔ (2+9+1=12=1+2=3) گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
24 تا 30 جنوری 2022
پیر 24 جنوری 2022
آج کا حاکم نمبر 6 ہے۔خوشی کی خبر آپ کا دروازہ ضرور کھٹکھٹائے گی۔ اس کی کوئی بھی صورت ہوسکتی ہے۔1,4,5,6,8 اور9 کے لیے بہتر ہوسکتا ہے۔
2,3اور7 نمبر والوں کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔
صدقہ: 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِ صدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔
وظیفۂ خاص ''یارحیم، یارحمٰن یااللہ'' 11 بار یا 200 بار اول وآخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔

منگل 25 جنوری 2022
آج کا حاکم نمبر 5 ہے۔جو خبر آپ تک آئی ہے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کے بارے میں ضرور تصدیق کرلیں۔ ممکن ہے یہ بات ویسے نہ ہو جیسی آپ تک پہنچی ہے۔ 1,2,5,6,7اور9 نمبر والوں کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔3,4اور 8 نمبر والوں کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

صدقہ: 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذور سیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔

وظیفۂ خاص''یاغفار، یاستار، استغفراللہ العظیم'' 9 یا 90 بار اول وآخر11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔

بدھ 26جنوری 2022
آج کا حاکم نمبر 2 ہے۔ ایک غیرمتوقع واقعہ ہوسکتا ہے۔ خیالات میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے کسی سے تعلق متاثر ہوسکتا ہے۔1,3,4,5,8اور9 نمبر والوں کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔2,6اور7 نمبر والوں کو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔صدقہ: زرد رنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کو دینا بہتر ہے، تایا، چاچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔

وظیفۂ خاص''یاخبیرُیا، وکیلُ، یااللہ'' 41 بار اول و آخر 11 باردرود شریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔

جمعرات 27 جنوری 2022
آج کا حاکم نمبر1 ہے۔کسی کام کی بھی ابتدا کیجیے اس میں دن بدن ترقی کا امکان ہے، کام میں بہتری ہوگی۔1,2,4,5,6اور9 نمبر والوں کے لیے آج کا دن کافی بہتر رہنے کی امید ہے۔3,7 اور8 نمبر والوں کو کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔ مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔
وظیفہئٔ خاص''سورۂ فاتحہ 7 بار یا یا قدوس، یاوھابُ، یااللہ'' 21 بار اول و آخر 11 بار درود شریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔


جمعہ 28جنوری 2022
آج کا حاکم نمبر5 ہے۔اچھا دن ہے کوئی سفر ہوسکتا ہے کسی مہربان سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ 1,2,5,6,7اور9 کے لیے بہتری کی امید ہے۔
3,4اور8 نمبر والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔صدقہ: 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا6 کلو چینی، سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔
وظیفۂ خاص''سورۂ کہف یا یاودود، یامعید، یااللہ'' 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔

ہفتہ 29جنوری 2022
آج کا حاکم عدد 8 ہے۔آج کا دن اپنے فطری بھرپور اثرات کے ساتھ طلوع ہوسکتا ہے۔ کام کچھ سست روی سے ہوں گے لیکن ہوںگے پائے دار!
2,3,4,6,7اور8 نمبر والوں کے لیے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔
1,5اور9 کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔صدقہ: 80 یا800 روپے یا کالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذور یا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔وظیفۂ خاص''یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللہ'' 80 بار اول و آخر 11 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔

اتوار 30 جنوری 2022
آج کا حاکم نمبر2 ہے۔رشتوں سے خوشی ملے گی، ممکن ہے کوئی اہم شخص آپ سے ملنے آئے جو آپ کی راحت کا سبب بنے, حالات میں غیرمتوقع معاملہ بھی ہوسکتا ہے۔
1,3,4,5,اور9 کے لیے اچھے دن کی امید ہے۔ 2,6اور7نمبر والوں کو مشکل ہوسکتی ہے۔صدقہ: 13 یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل، کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔وظیفۂ خاص''یاحی، یاقیوم، یااللہ'' 13 یا 100 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔

مسائل اور ان کا حل
لاہور سے رابعہ حمید
میری عمر 43 سال ہے اور میری ابھی تک شادی نہیں ہوئی، رشتے آتے اور بات کبھی یا تو آگے بڑھتی ہی نہیں تھی یا پھر منگنی تک بات آتے آتے حسبِ سابق ختم ہوجاتی، کئی بزرگوں سے رجوع کیا، کسی نے کہا بندش ہے کسی نے کہا ساڑھ ستی ہے، کسی نے کہا شادی کبھی نہیں ہوگی، سب نے اپنی سی کوشش کی لیکن نتیجہ ہمیشہ ہی صفر رہا۔ اب تو ایسی باتیں کرنے والے سے چڑ ہوجاتی ہے۔ آپ کا کالم دیکھا تو آپ سے عرض کررہی ہوں، مزاج میں بھی تندی آگئی ہے اور بلڈ پریشر کا بھی مسئلہ ہونے لگا ہے۔ خیر اب تو امید اور کوشش ہی چھوڑ دی ہے لیکن بھائی پر بوجھ ہوں۔ ایسی صورت میں ہزار مسائل ہوتے ہیں۔ اگرچہ میری اچھی جاب ہے لیکن پھر بھی پریشانی ہوتی ہے۔ کیا میری زندگی ایسی ہی گزرے گی؟

جواب:آپ کے علم اور علم والوں سے سارے گلے شکوے بجا ہیں لیکن آپ کو پیدا فرمانے والا کریم اور رحیم اللہ آپ ہی سے فرماتا ہے کہ " میری رحمت سے کبھی مایوس اور ناامید نہ ہو۔" علم ہمیشہ ہی ہماری درست سمت میں راہ نمائی کرتا ہے، بس کبھی کبھار ہم سے علمی زبان کو سمجھنے میں غلطی ہوجاتی ہے، ممکن ہے آپ کی واقعی کسی صاحبِ علم سے ملاقات نہ ہوئی ہو۔ خیر میرے علم کے مطابق اس سال مارچ اور اپریل کے مہینے میں کوئی صاحب آپ کے آفس ہی سے آپ کو " پیغام" بھیج سکتے ہیں۔ ممکن یہ صاحب آپ کے آفس میں نئے ہوں یا بہت پرانے نہ ہوں۔ اس سال آپ کی شادی کے واضح امکانات ہیں ہر واقعے کا وقت متعین ہوتا ہے۔

ورد:یافتاح یا مسبب الاسباب یااللہ روزانہ بعد نماز فجر 111 بار اول آخر 11,11 بار درود شریف پڑھیں۔
صدقہ:ہفتے کے دن 80 یا 800 روپے کسی معذور کو صدقہ دیں یا کھانا کھلادیں۔

سکھر سے واحد بخش
میں نے کینیڈا کے لیے اپلائی کیا ہے، کیا مجھے کام یابی ملے گی؟
جواب: جناب واحد بخش! آپ کی تاریخ پیدائش میں 7 کا عدد بتاتا ہے کہ آپ کی زندگی میں خوشیاں اور ترقی جہاں آپ پیدا ہوئے ہیں وہاں نہیں ہیں، اس لیے آپ باہر ضرور جائیں گے، لیکن فی الحال اس میں کچھ تاخیر ہے۔ ممکن ہے اس سال کے آخری دو ماہ میں آپ کو کام یابی ملے اپنی کوشش جاری رکھیں۔
وردِخاص:بعد نماز فجر "سورہ فاتحہ 21 بار" پڑھیں اول و آخر 7,7 بار درودشریف پڑھیں۔
صدقہ :بدھ کے دن کسی مسافر یا طالب علم کو جوتے لے کر دیں ان شاء اللہ بند راستے کھل جائیں گے۔

رحیم یار خان سے عبداللطیف کھوسہ صاحب
میں چھوٹا سا زمیندار ہوں لیکن گذشتہ چار سال سے ہر سال فصل میں نقصان ہوتا ہے۔ اس سال گاڑیوں کی خرید وفروخت کا کام شروع کیا تو اس میں نقصان ہوگیا۔ صدقہ بھی دیتا ہوں۔ کسی کے ساتھ برا نہیں کرتا۔ مجھے کیا کرنا چاہیے ۔ براہ کرم مجھے اس مشکل سے نکالیں!
جواب:آپ کے خانہ مال میں کم زور چاند ہے جسے زحل اور راہو ایک ساتھ متاثر کررہے ہیں، اور مزید 8 ماہ ایسی صورت حال کا سامنا ہوسکتا ہے۔ آپ کا ذاتی عدد 8 ہے جو مسائل کی مزید خبر دے رہا ہے۔ بہتر ہے کہ آپ ستمبر تک کسی بھی قسم کے بزنس میں نئی انویسٹمنٹ نہ کریں، بلکہ پہلے سے جاری کاموں کو بھی نہایت خیال سے چلائیں، کیوںکہ یہ مشکل وقت مزید کسی الجھن کا شکار کرسکتا ہے۔ خصوصاً اپریل اور جولائی میں، کسی پر اندھا اعتبار نہ کریں، گاڑی کے کاغذات لینے سے پہلے ضرور مکمل اور تصدیق کروالیں ورنہ مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
وردِخاص:"یاحافظ یاحفیظ یاوکیل یااللہ" بعدنماز فجر 41 بار اول آخر 11, 11بار درودشریف۔
صدقہ :ہفتے کے دن کسی مفلس کو کھانا کھلائیں اور بدھ کے دن کسی کو کپڑے یا جوتے لے کر دیں۔

کراچی سے حافظ عمران حیدر
میں نے بڑی مشکل سے دو بار امتحان دے کر میٹرک پاس کیا۔ فرسٹ ایئر میں میرے مارکس بہت کم ہیں، حالاںکہ میں بے حد محنتی سمجھا جاتا ہوں۔ مجھے اپنے تعلیمی کیریئر کے حوالے سے پریشانی ہے۔
جواب: حافظ عمران! آپ کا سوال کافی لمبا چوڑا تھا جسے میں نے مختصر کیا ہے۔ آپ کے سوال سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے اصل موضوع پر اپنی توجہ مرتکز نہیں رکھ پاتے۔ آپ کے زائچے سے پتا چلتا ہے کہ آپ کے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہے۔ اس کا علاج کروائیں۔ آپ کے زائچے میں تعلیم میں تعطل نظر آتا ہے۔ اس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اچھی کمپنی کی جوارش شاہی صبح ناشتے کے بعد اور رات کو سومینا (ہمدرد) نیم گرم شہد ملے دودھ کے ساتھ ایک چھوٹا چمچا لیں۔ ان شاء اللہ آپ کی شکایت دور ہوجائے گی۔ آپ زندگی کے میدان میں ضرور کام یاب ہوں گے۔

محترمہ ایف_ آر شیخوپورہ سے
مجھے وہم بہت ہوتا ہے۔ بیٹا باہر جاتا ہے تو جب تک وہ گھر نہیں آتا پریشان رہتی ہوں۔ شوہر سے ہر وقت خوف رہتا ہے کہ نہ جانے کب طلاق دے دے، حالاںکہ سب کچھ ٹھیک ہے اللہ کا شکر ہے ۔ رات کو خواب بھی ڈرانے والے آتے ہیں۔ گذشتہ تین ماہ سے ایسا ہورہا ہے۔ کسی سے اس کا ذکر نہیں کرتی، اس ڈر سے کہ ہماری فیملی پڑھی لکھی ہے اور سب مجھے وہمی کہیں گے۔ مجھے اپنے اندر اور باہر ڈر محسوس ہوتا ہے۔ کیا اس کا کوئی علاج ہوسکتا ہے۔
جواب:نفسیاتی طور پر اس کا جواب آپ کے ماضی کے کسی خوف اور ڈرا دینے والے واقعے سے مل سکتا ہے۔ علمِ فلکیات سے جب ہم دیکھتے ہیں تو آپ کا سیارہ اور چاند دونوں ایسے مقام پر ہیں کہ جسے ہم "مقامِ خوف" کہتے ہیں۔ گذشتہ تین ماہ سے زحل وہیں ہے اور بھی کچھ ایسی چیزیں ہیں جو اس کیفیت میں اضافہ کررہی ہیں۔ ایسی صورت میں انسان خوامخواہ کے خوف کا شکار ہوجاتا ہے۔ قرآن میں اس کا علاج سورۃ فلق اور ناس میں ہے، طریقہ حاضر ہے:
آبِ زمزم (ایک گلاس) میں شہد (ایک چمچا) اور زعفران (ایک ماسہ) کو مکس کریں اور بعد نمازعشاء اول آخر7,7 بار درودشریف، سورہ فلق اور ناس 11 بار پڑھیں اور اس پانی پر دم کردیں۔ اس پانی کو چوبیس گھنٹوں میں پی لیں لیکن ہر بار تین گھونٹ سے زیادہ نہ لیں ،روغن کدو سے ریڑھ کی ہڈی اور سر کی مالش کریں اور سوجائیں۔
وردِ خاص،یاسلام یاشافی یااللہ کی کثرت کریں۔
صدقہ،بدھ کے دن اپنے سر سے وار کے 5کلو گندم یا زرد رنگ کے کپڑے کسی مسافر یا طالب علم کو دیں یا 50/500 روپے حسبِ توفیق دیں۔

آپ اس سلسلے میں کسی بھی الجھن کا شکار ہیں تو سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سائل کی تاریخ، وقت اور جائے پیدائش، دونوں ہاتھوں کی واضح تصاویر اور مختصر الفاظ میں سوال، جواب کی شرائط ہیں۔
Load Next Story