امریکی مہلک ہتھیاروں کی پہلی کھیپ یوکرین پہنچ گئی

یوکرین کی دی جانے والی اسلحوں کی یہ کھیپ ثابت کرتی ہے کہ ہم یوکرین کی خودمختاری اور دفاع کیلئے پُرعزم ہیں، امریکا

یوکرین کے دارالحکومت میں پہنچنے والی امریکی مہلک ہتھیاروں کی کھیپ [امریکی سفارتخانے کی فوٹو]

ISLAMABAD:
امریکا نے روس کیخلاف مہلک ہتھیاروں کی 90 ٹن وزنی کھیپ یوکرین کے دارالحکومت میں پہنچادی ہے۔

روس امریکی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد یوکرین تنازع شدت اختیار کرگیا ہے اور جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ یوکرین بارڈر پر نیٹو کی فوجی تنصیبات کا عمل بھی جاری ہے جبکہ دوسری جانب روس نے بھی سرحد کے قریب اپنی فوج کی صف بندی کرنا شروع کردی ہے۔


بی بی سی کے مطابق امریکا کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی یہ پہلی کھیپ ہے جو مہلک ہتھیاروں پر مشتمل ہے جس میں فرنٹ لائن ڈیفینس میں استعمال ہونے والے اسلحے بھی شامل ہیں۔

یوکرین میں قائم امریکی سفارتخانے نے کھیپ وصول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو دی جانے والی اسلحے کی کھیپ یوکرین کی خودمختاری اور دفاع کیلئے ہے کیونکہ امریکا یوکرین کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔

واضح رہے کہ روس بارہا یہ باور کراچکا ہے اس کا یوکرین پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم وہ اپنے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے دسمبر میں یوکرین کیلئے 200 ملین ڈالرز سیکورٹی پیکج بھی منظوری بھی دے چکا ہے۔
Load Next Story