ایم کیو ایم کے بعد اب جماعت اسلامی بھی تقسیم کی سیاست کررہی ہے سعید غنی

سندھ بھر میں عوامی پارٹی اب صرف پیپلزپارٹی ہے، صوبائی وزیر


ویب ڈیسک January 23, 2022
سانحہ ٹنڈوالہ یار ایک آپسی جھگڑا ہے مگر ایم کیو ایم اُس کو لسانی بنانے کی کوشش کررہی ہے، سعید غنی (فائل فوٹو)

ISLAMABAD: وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے بعد اب جماعت اسلامی نے بھی تقسیم کی سیاست شروع کردی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ کی اپوزیشن جماعتیں اس وقت وفاقی حکومت کی بی ٹیم بنی ہوئی ہیں، پیپلزپارٹی نے 2008 میں ایم کیو ایم کو صرف اس لئے حکومت میں شامل کیا تاکہ کراچی کا امن برقرار رہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ٹنڈوالہیار ایک آپسی جھگڑا ہے، جسے ایم کیو ایم لسانی فسادات بنانے کی کوشش کررہی ہے، آفاق احمد کی جانب سے پختونوں کے لئے دئیے گئے بیان اور گذشتہ روز ٹنڈوالہیار میں جس طرح لسانی فسادات کو ہوا دینے کی کوشش سندھ کو لسانی فسادات میں جھوکنے کی سازشں ہے، جسے عوام مسترد کردیں گے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی طلبہ تنظیم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی پیپلزپارٹی طلبہ تنظیم میں شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ سندھ بھر میں عوامی پارٹی اب پیپلزپارٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس تاثر کو غلط ظاہر کرتا ہے کہ پی پی صرف سندھیوں کی جماعت ہے کیونکہ ہمارے ساتھ ہر قوم کے لوگ موجود ہیں، آج یہ نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ چل کر تقسیم کی سیاست کے خاتمہ، لسانی سیاست اور تمام زبانوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو ساتھ لے کر چلنے کے پیغام کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ آج اردو بولنے والے نوجوانوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت ایم کیو ایم کے لئے واضح پیغام ہے کہ پیپلز پارٹی اردو بولنے والوں کی بھی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں