سنچورین آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میں 281 رنز سے شکست دے دی
آسٹریلیا نے میزبان جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میں 281 رنز سے شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
جنوبی افریقا کے شہر سنچورین میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے چوتھے روز ہی میچ کا فیصلہ ہوگیا، آسٹریلیا نے 288 رنز 3 وکٹ کے نقصان سے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو کینگروز بلے بازوں نے نہایت پراعتماد بیٹنگ کی اور 290 رنز پر شان مارش کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان مائیکل کلارک نے دوسری اننگز ڈکلئیر کردی یوں جنوبی افریقا کو پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 481 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر مایوس کن آغاز کیا گیا اور دوسرے ہی اوور میں الویرو پیٹرسن ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اسی طرح کپتان گریم اسمتھ 12 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنا کر مچل جونسن کا شکار بن گئے جس کے بعد ہاشم آملہ اور فاف ڈپلوسی نے گینگروز بولروں کے سامنے مذاحمت کی کوشش کی لیکن وہ زیادہ دیر تک جم کر نہ کھیل سکے، ہاشم آملہ 35، ڈپلوسی 18 اور اے بی ڈی ویلئرز 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اوریوں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم صرف 200 رنز پر ہی ڈھیرہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل جونسن نے 5، ریان ہیرس اور پیٹر سڈل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے مچل جونسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں 206 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 397 اور دوسری میں 4 وکٹوں پر 290 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی تھی۔