دکانوں کو POS سسٹم سے منسلک کرنے میں FBR کو مزاحمت کا سامنا

ریجنل ٹیکس آفس ون کی ٹیموں کے گل پلازہ پہنچتے ہی تاجروں کی مزاحمت، پولیس طلب

ایک دکان منسلک، دوسری سیل، منظور کالونی میں بھی دکان عدم تعاون پر بند کردی گئی۔ فوٹو: فائل

WELLINGTON:
ریجنل ٹیکس آفس ون کی ٹیموں کو نشاندہی شدہ دکانوں کو پوائنٹ آف سیل سسٹم سے منسلک کرنے کی مہم میں تاجروں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

ایف بی آر کی پوائنٹ آف سیلز سسٹم سے منسلک کرنے کی مہم کے تحت پیر کو ریجنل ٹیکس آفس ون کی ٹیموں کو نشاندہی شدہ دکانوں کو پوائنٹ آف سیل سسٹم سے منسلک کرنے کی مہم میں تاجروں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم مزاحمت اور احتجاج کے باوجود آرٹی او ون کی ٹیموں نے اپنی کارروائی جاری رکھی۔

حکام نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ آر ٹی او ون کی ٹیموں نے پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار میں آنے والی 2 دکانوں کو عدم تعاون پر سیل کردیا جس میں ایک دکان منظور کالونی فرنیچر مارکیٹ اور دوسری گل پلازہ میں واقع ہے تاہم گل پلازہ میں ایک دکاندار نے تعاون کرتے ہوئے اپنی دکان کو پوائنٹ آف سیلز سسٹم سے منسلک کر لیا۔


حکام نے بتایا کہ آرٹی او ون کی جانب سے گل پلازہ کی ایسی دکانوں کی نشاندہی کی گئی تھی جو پوائنٹ آف سیلز سسٹم سے منسلک ہونے کے دائرہ کار میں آتی ہیں لیکن پی او ایس مہم کی ٹیم کے پہنچتے ہی غیر متعلقہ دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس پر آر ٹی او حکام کو پولیس طلب کرنی پڑی کیونکہ دیگر تاجروں نے گل پلازہ کی بجلی بند کرنے کے ساتھ ہنگامہ آرائی بھی شروع کردی تھی۔

حکام نے بتایا کہ ایف بی آر کی ہدایات اور چیف کمشنر آر ٹی او ون کے احکامات پی او ایس ٹیم نے پیر کو کارروائی کرتے ہوئے گل پلازہ کی 3دکانوں میں سے ایک کو پی او ایس سسٹم سے منسلک کردیا جبکہ دوسری کو عدم تعاون پر سیل کردیا۔

حکام کے مطابق تیسری دکان کو بھی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ایف بی آر ٹیم کی روانگی کے بعد گل پلازہ کے دیگر تاجروں نے بطور احتجاج ایم اے جناح روڈ بند کردی تاہم کچھ ہی دیر بعد احتجاج ختم کردیا گیا اور سڑک کھول دی گئی۔

 
Load Next Story