اداکارہ روحی بانو اور ہدایتکار پرویز رانا کی برسی آج منائی جارہی ہے
روحی بانو کو 4 جبکہ پرویز رانا کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس گزرگئے ہیں
MADRID:
ماضی کی صف اول کی اداکارہ روحی بانو اورفلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار اور فلم ساز و پرویز رانا کی برسی آج منائی جارہی ہے۔ روحی بانو کو چار جبکہ پرویز رانا کو مداحوں سے بچھڑے چھ برس گزرگئے ہیں۔
روحی بانو 10 اگست 1951ءکو کراچی میں پیدا ہوئیں ، گورنمنٹ کالج لاہور سے نفسیات میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے کے دوران ٹی وی پر کام کرنا شروع کیا، ان کا شمار ٹی وی کے اولین اداکاروں میں ہوتا ہے۔
روحی بانو نے 1970ء سے 1980 کے عشرے تک کرن کہانی، زرد گلاب، دروازہ اور دیگر بے شمار مقبول ڈراموں میں بطور یادگاری کردار کام کیا۔ ان کے کل ڈراموں کی تعداد 150 کے قریب رہی۔
نامور اداکارہ نے ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی فن کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے فلم ضمیر، پالکی، انسان، اناڑی، تیرے میرے سپنے، نوکر، اور فرشتہ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کی۔
فنی خدمات کے اعتراف میں روحی بانو کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ انہیں پی ٹی وی کی طرف سے نگار ایوارڈ کے علاوہ گریجویٹ ایوارڈ اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی ملا۔
روحی بانو کے 20 سالہ بیٹے کو 1995 میں کسی نے قتل کر دیا تھا، جس کے باعث وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں۔
اپنے انداز اور کرداروں سے دلوں پر راج کرنے والی روحی بانو نے زندگی کے آخری ایام بہت تلخ انداز میں گزارے۔ قبضہ مافیہ نے ان کی جائیداد پر قبضہ کیا تو بے گھر بھی رہیں اور 25 جنوری 2019 کو انتقال کر گئیں۔
دوسری جانب فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار اور فلم ساز پرویز رانا کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے۔ انہوں نے فلم اسٹار شان اور ریما سمیت بہت سے فنکاروں کو پنجابی فلموں میں پہلی بار متعارف کرایا۔
پرویز رانا نے 200 سے زائد فلموں میں ہدایت کاری کے جوہر دکھائے،ان کی فلموں کا میوزک اور ڈائیلاگ بہت مقبول ہوئے۔اپنے دور کے ممتاز ڈائریکٹر پرویز رانا 3 اکتوبر 1951 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے ، انہوں نے متعدد لازوال فلمیں تخلیق کیں۔
پرویز رانا نے جہاں اپنے طویل فنی سفر کے دوران بہت سی سپر ہٹ فلمیں بنائیں وہیں فلم اسٹار شان، ریما سمیت بہت سے فنکاروں کو پنجابی فلموں میں پہلی بار متعارف بھی کرایا۔ پرویز رانا نے لالی ووڈ کو 'چراغ بہادر، چن بلوچ، سوہا جوڑا، طوفان، غنڈا ٹیکس، کنگ میکر، گاڈر فادر، ہمایوں گجر، وحشی گجر' اور 'نصیبو' سمیت 200 سے زائد فلمیں دیں۔
پرویز رانا 25 جنوری 2017 کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے 66 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔