تعلیمی ادارے کھلنے پر طالبعلم کا اسکول کے دروازے پر سجدہ شکر ویڈیو وائرل

ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو بھی چھولیا


ویب ڈیسک January 25, 2022
ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو بھی چھولیا . فوٹو : فائل

تعلیمی ادارے کھلنے پر طالبعلم اسکول کے دروازے پر سجدہ ریز ہوگیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

مہلک عالمی وبا ء کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اس وباء کے دوران کئی خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھویا، ہلاکتوں میں جب تشویشناک اضافہ ہوا تو بہت سے ممالک نے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے حکمت عملی اپنائی اور سخت فیصلے کیے تاکہ لوگوں کو اس ہلاکت خیز وباء سے محفوظ رکھا جاسکے۔

ان میں سے ایک سخت فیصلہ اسکولوں کو بند رکھنے کا بھی تھا تاہم کچھ ممالک میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا گیا، ان ممالک میں سعودی عرب بھی شامل ہے جہاں 2 سال بعد بالآخر تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پیش نظر 2 سال تک طلبا آن لائن کلاسز کے ذریعے پڑھتے رہے تاہم تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد طلبا نے اپنی اپنی درس گاہوں کا رُخ کیا، ان میں سے ایک طالبعلم ایسا بھی تھا جس نے اسکول کھلنے پر خوبصورت انداز میں رب کا شکر ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر یہ دل کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک طالبعلم اسکول میں داخل ہوا اور دروازے پر جائے نماز بچھا کر رب کا شکر ادا کرتے ہوئے سجدہ ریز ہوگیا۔

اس دوران ایک استاد بھی اسکول میں داخل ہوئے اور طالبعلم کا یہ عمل دیکھ کر وہیں رُک گئے جب طالبعلم سجدے سے اُٹھا تو وہ اسکا ماتھا چوم لیتے ہیں۔

ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو بھی چھولیا، انہوں نے طالبعلم کے اس عمل کو سراہتے ہوئے اس کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں