ن لیگ کی کانفرنس میں پی پی شرکت کریگی قائم علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سے مسلم لیگ (ن) کراچی کے رہنما نہال ہاشمی کی ملاقات


Staff Reporter February 16, 2014
کراچی آپریشن پر حمایت کی یقین دہانی ،امن وامان کی صورتحال اورسیاسی امور پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے صدر نہال ہاشمی نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی اور ملاقات میں کراچی کی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے صدر نہال ہاشمی نے وزیراعلیٰ کو مسلم لیگ ن کی جانب سے 16 فروری کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا ہے، نہال ہاشمی نے وزیراعلیٰ کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں مسلم لیگ ن کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا اور اپنی جماعت کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن آخری جرائم پیشہ اور دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ شہر میں آپریشن کے بعد حالات میں کافی بہتری آئی ہے اور صوبائی اور وفاقی حکومت کی کوششوں سے کراچی میں امن بحال ہوکر رہے گا، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے آپریشن میں تعاون اور حمایت کرنے پر مسلم لیگ ن کا شکریہ ادا کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز آپریشن کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں انکی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کو ان کی کمین گاہوں سے نکال کر قانون کے کٹہرے میں لا کر کڑی سزا دی جائے گی، مسلم لیگ( ن) کی آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلزپارٹی کا وفد شرکت کرے گا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی راشد حسین ربانی اور وقار مہدی بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں