ٹور قریب آتے ہی کینگرو کرکٹرز نخرے دکھانے لگے

پاکستان کی سیکیورٹی پر تشویش ظاہر،میڈیا پرانی تصاویر شائع کرنے لگا


Sports Desk January 27, 2022
پی سی بی کے ساتھ دورے پر بات چیت کا عمل جاری ہے،آسٹریلوی بورڈ ۔ فوٹو: فائل

ٹور قریب آتے ہی آسٹریلوی کرکٹرز نخرے دکھانے لگے اور پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے پھر تشویش ظاہر کردی۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو3 ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلنے کیلیے مارچ،اپریل میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے،یہ تقریباً 24 برس بعد اس کا پاک سرزمین کا پہلا ٹور ہوگا، ایک روز قبل تک کسی بھی پلیئر کی جانب سے دورے کے حوالے سے کوئی تحفظات ظاہر نہیں کیے گئے تھے۔

آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیاکہ کچھ کھلاڑیوں نے پاکستان میں دہشتگردی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس کیلیے خاص طور پر لاہور میں گذشتہ دنوں ہونے والے ایک دھماکے کی مثال دی جا رہی ہے، وہاں آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ دن قیام کرنا ہوگا۔

ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ کھلاڑی کافی بے چین ہیں۔ مذکورہ رپورٹ کے ساتھ پاکستان میں 2019 میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے کی تصویر بھی شائع کردی گئی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ہم ٹور کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، اس کے علاوہ ہمارا اپنی اتھارٹیز کے ساتھ بھی ٹور کے حوالے سے باقاعدہ رابطہ ہے، ہمارے لیے کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کی سیکیورٹی سب سے زیادہ مقدم ہے۔

سی اے اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے دسمبر میں پاکستان کا ٹور کیا،اس میں دورے کے حوالے سے تفصیل سے بات کی گئی تھی، ہم اس حوالے سے اپنے پلیئرز، اسٹاف اور سیکیورٹی ماہرین سے بھی رابطے میں ہیں۔ بورڈ ٹور کیلیے بائیوسیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز آسٹریلیا کے نیشنل سلیکٹر جارج بیلی نے کہا تھا کہ تاحال کسی بھی پلیئر نے پاکستان نہ جانے کا اشارہ نہیں دیا، 2 مرتبہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے پلیئرز و اسٹاف کو بریفنگ دی جا چکی ہے، میں خود بھی اس میں شریک ہوا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں