کراچی فائرنگ و تشدد متحدہ کے لاپتہ کارکن سمیت 8 ہلاک تھانے کے قریب 2 بم دھماکے

13فروری کوسائٹ سے اغواکیے جانیوالے متحدہ کے کارکن عارف کی لاش ناردرن بائی پاس سے ملی،سپرہائی وے سے بھی2لاشیں ملیں


Staff Reporter February 16, 2014
علاقے مومن آبادتھانے کے عقب میں قائم تھلے پر موٹر سائیکل سوارملزمان بال بم پھینک کر فرار ہوگئے۔فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی کے علاقے اورنگی میں تھانے کے قریب 2دھماکوں، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 8 افرادہلاک اور8زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے مومن آبادتھانے کے عقب میں قائم تھلے پر موٹر سائیکل سوارملزمان بال بم پھینک کر فرار ہوگئے، دھماکے کی آوازدوردورتک سنی گئی ،اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی رضاکاروں کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اورجائے وقوع کامعائنہ جاری تھاکہ تقریباً 10 منٹ کے وقفے سے تھانے کے مرکزی دروازے کے عین سامنے سڑک کے درمیانی فٹ پاتھ پرنصب شدہ بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیاجس کی زدمیں آکر5افرادزخمی ہو گئے جبکہ3گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا۔واقعے میں پولیس اہلکارمحفوظ رہے،بم ڈسپوزل اسکواڈکے مطابق پہلادھماکا بال بم تھاجس میں تقریباً100 سے 150 گرام دھماکا خیزمواد استعمال کیاگیاجبکہ دوسرا دھماکاآئی ای ڈی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔

دوسرے دھماکے میں تقریباًڈھائی کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیاجس میں بڑی مقدارمیں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ بھی استعمال کیے گئے،دھماکا موبائل ڈیوائس کے ذریعے کیاگیا۔ایس ایچ او مومن آباد احمدبٹ نے ایکسپریس کو بتایا کہ دھماکے میں5 شہری 40 سالہ نصیب، 35 سالہ یوسف ، 35 سالہ حسین، 45 سالہ سراج اور 25 سالہ جان زرین زخمی ہوگئے جنھیں عباسی شہیداسپتال منتقل کیاگیا،مومن آبادپولیس نے ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کاآغازکردیاہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائدلطاف حسین نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سفاک دہشتگرد قانون نادذ کرنے والے اداروں کونشانہ بنارہے ہیں،یہ دہشت گردملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں،صدرممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اورزیرداخلہ چوہدری نثاراورنگی ٹائون میں پولیس اسٹیشن پرحملے کا فوری نوٹس لیں اوردہشت گردوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

منگھوپیرکے علاقے ناردرن بائی پاس سے لاش ملی جسے نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے ہلاک کیا،مقتول کی شناخت 30سالہ محمدعارف کے نام سے کی گئی ،عارف کو13فروری کوسائٹ ایریاکے علاقے سے ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوار افراداپنے ہمراہ لے گئے تھے،مقتول ایم کیوایم اورنگی ٹائون قصبہ سیکٹرکا کارکن تھا۔سپرہائی وے پرناگوری اسٹاپ کے قریب2افرادکی لاشیں ملیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی،دونوں کی عمریں 30 سے35سال کے درمیان ہیں۔منگھوپیرغازی گوٹھ میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے35سالہ امین ہلاک ہوگیا،مقتول چند روز قبل غازی گوٹھ میں اپنے بھائی کے گھر آیا تھا ،مقتول غیر شادی شدہ اور محنت کش تھا۔عیدگاہ کے علاقے میں نامعلوم افرادنے برگرکے ٹھیلے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں برگر فروش 55 سالہ منیر احمدہلاک ہوگیا،مقتول لکھپتی ہوٹل کارہائشی تھا،فوری طور پر قتل کی نوعیت کا علم نہیں ہوسکا۔

سعودآباد ملیر لیاقت مارکیٹ میں واقع مون بک شاپ پرفائرنگ سے دکاندار 35 سالہ محمدطارق ہلاک ہوگیا،مقتول نفیس بنگلوزملیر سٹی کا رہائشی تھا۔اورنگی12نمبرچمچہ ہوٹل کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ 30 سالہ فہیم ہلاک ہوگیا،مقتول اورنگی ہریانہ کالونی کا رہائشی تھا۔ قائدآباد مظفر آباد کالونی میں واقع گھرسے35سالہ عبدالواحید کی گلا کٹی ہوئی لاش ملی،پولیس کا کہنا ہے مقتول اپنے بھائی کے گھر آیا ہوا تھا جبکہ بھائی کسی کام سے میر پور ماتھیلو گیاہواہے۔سپرہائی وے پرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے رینجرزاہلکار35سالہ صغیر احمد زخمی ہوگیا۔لیاقت آبادچوناڈپو کے قریب 28 سالہ اسد،بوٹ بیسن میں35 سالہ شوکت سرفراز زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں