مقبوضہ کشمیر 2 نوجوانوں کے قتل کے خلاف ہڑتال مظاہرین پر تشدد سوپور سے ایک لاش ملی

شوپیاں میں مظاہرین پر لاٹھی چارج، متعدد زخمی، بانڈی پورہ، حاجن، نائید کھائی میں بھی مظاہرے

تصفیہ کشمیر کے بغیر خطے میں امن اور ترقی ممکن نہیں، یاسین ملک، بھارت نام نہاد انتخابات سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں کرسکتا، علی گیلانی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مقبوضہ کشمیر کے قصبے شوپیاں میں پرامن مظاہرین پر بھارتی پولیس نے طاقت کاوحشیانہ استعمال کیاجس سے متعددمظاہرین زخمی ہوگئے، کئی علاقوں میں ہڑتال کی گئی۔


سوپور کے علاقے بمئی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، لاش کی بعد میں پہچان ارشاد احمد بٹ کے طور پر ہوئی جوبانڈی پورہ کے علاقے اشتن گو کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 2 نوجوانوں کے قتل کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے آنسو گیس کے گولے داغے اور شدید لاٹھی چارج کیا جس سے کم از کم 25 مظاہرین زخمی ہو گئے، مشتعل مظاہرین نے پولیس کی 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، بانڈی پورہ، حاجن اور نائید کھائی کے علاقوں میں بھی زبر دست احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے بعد پولیس اہلکاروں نے گھروں میں گھس کر مکینوں کو مارا پیٹا اور گھریلو اشیا لوٹ لیں۔

سری نگر کے علاقے سرائے بالا میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے جس کے حل کے بغیر خطے میں دیر پا امن اور ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ نئی دہلی سے شوپیاں میں اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کے بائیکاٹ کی کال دہراتے ہوئے لوگوں پر زور دیاکہ وہ عالمی برادری کو پیغام دیں کہ انھیں انتخا بات سے کوئی دلچسپی نہیں، بھارت فوجی طاقت کے بل پر مقبوضہ علاقے پر اپنا جبری قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا کیونکہ وہ عالمی برادری کو زیادہ دیر تک دھوکا نہیں دے سکتا۔ ادھر کنن پوشپورہ اجتماعی آبروریزی کے واقعے کی برسی کے موقع پر23 فروری کوجموں وکشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے تحت سری نگر میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔
Load Next Story