ہائیکورٹ میں راوی ریور پروجیکٹ صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا گیا عمران خان

راوی اربن پروجیکٹ کو سپریم عدالت میں لے جارہے ہیں، عوام کو پتا ہونا چاہیے کہ یہ کتنا بڑا شہر بن رہا ہے، وزیر اعظم


ویب ڈیسک January 28, 2022
(فوٹو: فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں راوی ریور پروجیکٹ صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا گیا اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان دورہ لاہور کے بعد شیخو پورہ کے نزدیک رکھ جھوک جنگل پہنچے جہاں انہیں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں راوی ریور پروجیکٹ بنایا جارہا ہے، عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ کتنا بڑا شہر بنایا جارہا ہے اور اسلام آباد کے بعد پہلی بار نیا شہر بن رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے بہادر سپاہی مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ راوی کا کنارہ سکڑتا جارہا ہے اس شہر کے بننے سے دریائے راوی کو بچایا جائے گا، راوی میں جانے والا سیوریج کا پانی ٹریمنٹ ہونے کے بعد صاف کر جائے گا، ہماری آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، ہمیں نئے شہروں کی ضرورت ہے، بڑے شہر پھیلتے جارہے ہیں اور وہ اسی طرح پھیلتے رہے تو ہم انہیں گیس، بجلی پانی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کرسکیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس طرح کراچی پھیلنے پر مسائل بڑھ رہے ہیں، لاہور بھی پھیلتا گیا جسے اب گندگی اور مسائل کا سامنا ہے، ہمیں ایسے پروجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے ورنہ کراچی کی طرز پر مسائل بڑھتے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر منصوبہ بندی کے سوسائٹیاں بن رہی ہیں، اس سے قبل کسی نے ماحولیات پر بات نہیں کی، راوی اربن پروجیکٹ کو سپریم عدالت میں لے جارہے ہیں کیوں کہ ہائیکورٹ میں راوی پروجیکٹ صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ راوی کنارے ایک جنگل بھی بنایا جارہا ہے جس میں دو کروڑ درخت لگائیں گے، یہ 20 ارب ڈالر کا پروجیکٹ ہے جس سے سرمایہ کاری بھی آئے گی، اس منصوبے سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں