پی ایس ایل 7 پشاور زلمی نے آخری لمحات میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
پاکستان سپرلیگ 7 کے دوسرے میچ میں شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے آخری لمحات میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آج ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جس میں زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
میچ سمری
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احسن علی اور ول اسمیڈ نے 155 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، جس کے باعث سرفراز الیون نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے، ول اسمڈ بدقسمتی سے سنچری سے تین رنز پہلے 97 پر آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایک وقت میں ملک الیون کی میچ پر گرفت کمزور نظر آئی، مگر حسین طلعت نے 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح کے لیے راہیں ہموار کیں۔
حسین طلعت 17ویں اوور میں آؤٹ ہوئے تو زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور انیسویں اوور میں آخری تین گیندوں پر 16 رنز حاصل کر کے میچ کے پانسے کو پلٹا۔ زلمی نے 191 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر دو گیندوں پہلے حاصل کیا۔
گلیڈی ایٹرز اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز احسن علی اور وِل اسمیڈ نے کیا اور 12 اوورز میں 8.70 کی اوسط سے بغیر کسی نقصان کے 109 رنز اسکور کیے۔ اس دوران احسن علی نے 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود اسمیڈ نے 39 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 55 رنز اسکور کیے۔
گلیڈی ایٹرز کی اوپننگ شراکت داری اُس وقت ختم ہوئی جب میچ کے 16ویں اوور میں عثمان قادر نے احسن علی کو شکار بنایا، جو 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
نئے آنے والے کھلاڑی بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے 156 پر عثمان قادر کا ہی شکار بنے۔ وِل اسمیڈ 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر 97 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔
گلیڈی ایٹرز کے ول اسمیڈ 97، احسن علی 73 بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ افتخار احمد 8 رنز بنا سکے، زلمی کے بولر ثمین گل اور عثمان قادر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی اننگز
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ شروع کی تو آغاز اچھا نہ رہا، یاسر خان 30 کے انفرادی جبکہ 43 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹام کوہلر کیڈمور تھے، جو 65 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز کی گیند پر حسنین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
Gone!
پشاور زلمی کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو محمد نواز کی گیند کو سمجھنے سے قاصر رہے اور 85 کے مجموعی اسکور پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
نئے آنے والے کھلاڑی شعیب ملک نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی جبکہ دوسرے اینڈ پر حسین طلعت نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 2 چھکوں، چار چوکوں کی مدد سے 23 گیندوں پر 46 رنز اسکور کیے۔
بعد ازاں حسین طلعت تیز کھیلنے کے چکر میں 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یوں 17ویں اوور میں زلمی کو چوتھے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
شعیب ملک نے 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر چھکا، پانچویں پر چوکا اور چھٹی پر چھکا مار کر میچ کا پانسہ پلٹا، اس وور میں زلمی کی ٹیم 22 رنز حاصل کرنے میں کامیاب رہی جس کے بعد صورت حال گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں سے نکل گئی اور دو گیندوں پہلے زلمی نے فتح اپنے نام کی۔
پشاور زلمی کے حسین طلعت نے 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان شعیب ملک 32 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے، اسی طرح اوپنر کیڈمور اور یاسر خان نے بالترتیب 22 اور 30 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے تین، جیمز فالکنر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد جبکہ زلمی کی قیادت شعیب ملک نے کی۔ واضح رہے کہ زلمی کے کپتان وہاب ریاض کورونا مثبت ہونے کی وجہ سے میچ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ گلیڈی ایٹرز کے شاہد آفریدی بھی کورونا کے باعث میچ کا حصہ نہیں ہیں۔
Catch?
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ 'کل کے میچ کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا' جبکہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری بولنگ لائن اچھی ہے بڑا ہدف دے کر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ میں سرفراز احمد(کپتان)، وِل اسمیڈ، احسن علی، بین ڈکٹ، افتخار احمد، محمد نوز، سہیل تنویر، جیمز فالکنر، عاشر قریشی، محمد حسنین، نسیم شاہ شامل ہیں۔
پشاور زلمی اسکواڈ: شعیب ملک(کپتان)، ٹام کوہلر کیڈمور، یاسر خان، حیدر علی، حسین طلعت، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، سہیل خان، پیٹ براؤن، ثمین گل اور عثمان قادر شامل ہیں۔