بلدیاتی قانون جلدی میں بنایا ہمیں پہلے ہی ترامیم کرنی تھیں وزیراعلیٰ سندھ

لوکل باڈیز کے الیکشن فروری یا مارچ میں کروانے کیلئے تیار ہیں، مراد علی شاہ

لوکل باڈیز کے الیکشن فروری یا مارچ میں کروانے کیلئے تیار ہیں، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی قانون جلدی میں بنایا، ہمیں پہلے ہی ترامیم کرنی تھیں۔

ٹنڈوالہیار میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں امن و امان پاکستان کے کسی حصے سے بہتر نہیں تو کم بھی نہیں ہے، ہمارے یہاں پچھلے کچھ سالوں میں کووڈ کی وجہ سے لوگوں کی نوکریاں گئی تھیں، لوگوں کے معاشی حالات خراب ہوئے تھے جس کی وجہ سے بھی کرائم میں اضافہ ہوا۔


مراد علی شاہ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم کیلئے صوبائی وزیر بلدیات نے تمام جماعتوں سے رابطے کئے اور انہیں خط بھی لکھے، مگر کسی جماعت نے کوئی تعاون نہیں کیا تھا، بلدیاتی قانون کو کالا قانون کہنا بلکل غلط ہے، 21 نومبر کو الیکشن کمیشن نے کہا کہ جو بلدیاتی قانون بنانا ہے بنائیں ہم حلقہ بندی کریں گے، ہم نے بلدیاتی قانون میں ترامیم کرنی تھیں، ہم نے اس لئے بلدیاتی قانون جلدی میں بنایا جس پر سب سے بات کی تھی، لیکن اپوزیشن نے شور شرابہ کیا، لوکل باڈیز کے الیکشن فروری یا مارچ میں کروانے کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 22 اگست کو کیا ہوا تھا؟ آپ سب کو پتا ہے نفرتیں کون پھیلاتا تھا، یہاں ٹنڈوالہیار میں واقعہ ہوا اسکو بھی سیاسی رنگ دیا گیا،پی ایس ایل کی ٹیمز وزیراعلیٰ ہاؤس کے ساتھ بڑے ہوٹل میں قیام پذیر ہیں، ایم کیو ایم نے راستہ تبدیل کرکے وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیا، جو لاٹھی چارج ہوا وہ بلکل غلط تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ریلی کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات ہورہی ہے اس میں سب پتہ چل جائے گا، کراچی واقعے کے حوالے سے ایک شخص کی موت بھی واقع ہوئی اوراس کی موت کی وجوہات بھی سامنے آجائیں گی، پیپلزپارٹی کبھی بھی لسانیت کی بات نہیں کرے گی۔
Load Next Story