دوڑ پیچھے کی طرف

طنز کی پیدائش اور ارتقاء کے لیے زندگی میں عدم اطمینان لازم ہے

Amjadislam@gmail.com

اتفاق سے گزشتہ ایک برس میں جب بھی میں نے طنزو مزاح کے حوالے سے کوئی کالم لکھا مجھے ناصر چانڈنا صاحب کا پیغام کسی نہ کسی حوالے سے ضرور ملا کہ مجھے اُن کے والد مرحوم ''مسٹر دہلوی'' کا ذکر بھی کرنا چاہیے تھا جو اکبر الٰہ آبادی کے بعد خالص طنز کے بہت بڑے علم بردار ہیں۔

اب یہ اتفاق کی بات ہے کہ میں نے مسٹر دہلوی کا نام اور حوالہ تو اچھی طرح سے سُن رکھا تھا مگر کسی نامعلوم وجہ سے اُن کے کلام اور دیگر تحریروں تک میری رسائی نہ ہونے کے برابر تھی میرے اس اعتراف کا نتیجہ یہ نکلا کہ ایک دن ڈاک سے مجھے اُن کی چھ سات کتابیں ایک ساتھ ملیں جو اُن کے برخوردار نے بھجوائی تھیں۔

ابھی میں اُن کو پڑھنے کا ارادہ ہی کر رہا تھا کہ کورونا شروع ہوگیا اور بیشتر کام اِسی کے اِردگرد گھومنے لگے دو تین روز قبل پھر ویسا ہی ایک پیکٹ موصول ہوا جس میں مسٹر دہلوی کی دس کتابیں ایک طنزیہ اور شکائتی مسکراہٹ کے ساتھ میری طرف دیکھ رہی تھیں میں نے پہلی کتاب کھولی جس کا عنوان ''مکالماتِ سقراط'' انوکھا اور دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ غیر متوقع بھی تھا کہ اس میں مسٹر دہلوی کے علمِ معاشیات کے حوالے سے دلچسپ تجربات ، خیالات اور مطالعہ اُن کے اپنے ہی بقول ایک بہت ''قابلِ پڑھ'' انداز میں یکجا ہوگئے ہیں اوربلاشبہ ایک علیحدہ اور مکمل کالم کے مقتاضی ہیں کہ اس میں درج علمِ معاشیات کے ارتقاء ، تاریخ اور تضادات آج شاید اپنے زمانہ تصنیف سے بھی زیادہ بامعنی اور کارگر ہیں لیکن چونکہ شعرو ادب میں اُن کا حوالہ ایک طنز نگار کا ہے چنانچہ مناسب لگا کہ پہلے اسی پر بات کرلی جائے۔

1972میں اُن کا شعری مجموعہ ''عطرِ فتنہ '' کے نام سے منّصئہ شہود پر آیا عنوان کے بعد جس دوسری بات نے سب سے پہلے چونکایا وہ اس ایڈیشن کی تعدادِ اشاعت تھی اگرچہ یہ کتاب بہت عام سے انداز میں مرتّب اور شایع کی گئی ہے مگر یہ احساس کہ اس کی پانچ ہزار کاپیاں طبع ہوئیں ایک حسین یاد کی طرح لگتی ہے کہ اب عام طور پر اس تعداد کا آخری نقطہ غائب ہوتا ہے تیسری اہم بات اس کے طنز کا اندااز ، زبان اور تیزی تھے کہ آج کل طنزو مزاح کے نام پر پیش کی جانے والی بیشتر تحریریں سوائے پھکڑ بازی، توہین، الزام تراشی اور گالم گلوچ کے کم ہی کوئی ڈھنگ کی بات کرتی نظر آتی ہیں، یہ اور بات ہے کہ پچاس برس پہلے کے ہی زیادہ تر موضوع آج بھی معمولی فرق کے ساتھ دہرائے جارہے ہیں۔

مسٹر دہلوی کے طرزِ تحریر، دردِ دل اور لہجے کی کاٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ اگر وہ ضیاء الحق کے مارشل لا، افغان جہاد اور سیاسی کھلبلی سے بھرپور بیسیوں صدی کی آخری دہائی بھی دیکھ پاتے تو یقینا اُن کا نام بھی ضمیر جعفری، انور مسعود اور دلاور نگار کی صف میں شامل ہوتا۔ میں نے کوشش کی ہے کہ ''عطرِ فتنہ'' سے موضوعات کے تنوع کی رعائت سے کچھ قطعات اور نظموں کے اشعار بطور نمونہ چُن سکوں کہ کالم کی تنگی اس سے زیادہ کی متحمل نہیں ہوسکتی تھی۔

نمازی کے لیے ہیں اُس کے جوتے دردِ سر مسٹر
کہ جیبوں میں نہیں آتے الگ بھی دھر نہیں سکتا

نظر سے دُور رکھنے میں ہے کھٹکا قدر دانوں کا
سکونِ قلب سے پوری عبادت کرنہیں سکتا

نظر کے سامنے رکھے تو اُس میں یہ قباحت ہے
خدا کا بندہ ہے جُوتے کو سجدہ کر نہیں سکتا

(جُوتے کو سجدہ)

میں وہ موتی ہوں کہ جس کی ہوچکی ہے ختم آب
یا نصابِ درس سے خارج شدہ کوئی کتاب

یا مریض ایسا کہ جس کو چارہ گردیدیں جواب
یا وہ بیوی جس کا شوہر چھوڑ دے اُس سے خطاب

جس کا مصّرف کچھ نہیں ایسی ہوں اُترن کیا کروں؟
عمرِ پنشن کیا کروں ، اے عمرِ پنشن کیا کروں؟

(پنشن نامہ)

نظیر اکبر آبادی کے ''روٹی نامہ ''کا ایک بند
''پوچھا کسی نے یہ کسی کامل فقیر سے


یہ مہر و ماہ حق نے بنائے ہیں کاہے کے
وہ سُن کے بولا بابا خدا تجھ کو خیر دے

ہم تو نہ چاند سمجھیں نہ سورج ہیں جانتے
بابا ہمیں تو یہ نظر آتی ہیں روٹیاں

مسٹر دہلوی اس عالمی حقیقت کو کچھ یوں آگے بڑھاتے ہیں:

بیچے ہے کوئی جسم تو بیچے ہے کوئی جان
یہ بیچ دے قلم کو تو وہ بیچ دے زبان

بیچا ہے اُس نے دین توبیچی ہے اُس نے اَن
ہر جنس کی سجائی ہے روٹی نے اک دکان

آئینہ آدمی کو دکھاتی ہیں روٹیاں
کیا کیا وہ بیچتا ہے بتاتی ہیں روٹیاں

بچوں کے ساتھ جنسی درندگی کے واقعات آج کل عام ہیں مگریہ رُوداد نئیہرگز نہیں ہے نظم ''خبیث'' کا یہ بند دیکھیے:

اک پیر جی کو ہوگئی چھ سال کی سزا
بچی کو اک دکھایا تھا قبلہ نے کچھ ہُنر

ایسا قبیح فعل کرے کوئی آدمی
طیش اُس پہ جو بھی آوے وہ کم ہے اُسی قدر

اُس جُرم کے لحاظ سے ہے نرم یہ سزا
بہتر یہ تھا کہ کھینچتے ظالم کو دَار پر

اسی طرح ایوب خان کے بارشل لا ، بُوفے ڈنر، بیویاں، شوہر نامہ، بُور کے لڈو اور دلیری اور ہوش مندی وغیرہ، طویل اور مختصر نظمیں ،ہونٹوں پر ہنسی اور ذہن میں سوالات جگاتی ہیں سیاسی لیڈر، نظامِ حکومت اور حاکموں کی نالائقی پر بھی وہ کُھل کر تنقید کرتے ہیں یہ طنز کتنا مشکل لیکن کس قدر کارآمد ہے اس کے بارے میں وہ اپنے پیشِ لفظ میں لکھتے ہیں۔

''طنز کی پیدائش اور ارتقاء کے لیے زندگی میں عدم اطمینان لازم ہے بلکہ یوں سمجھنا چاہیے کہ سیاسی میدان میں جتنا زیادہ جبر ہوگا سماجی میدان میں جتنی زیادہ ناہمواری جنم لے گی اور معاشی میدان میں افراط و تفریط کے باعث جتنی زیادہ افراتفری پھیلے گی طنز نگاری کا اُتنا ہی زیادہ پھیلنا پُھولنا ممکن ہے ''

اپنی بات کی وضاحت کے لیے وہ امریکی قلم کار ایڈون سی ومپل کا جو قول دہراتے ہیں اُسی پر اس بات کوختم کرتے ہیں۔

''انسان اُس شئے کی نہ تو عزت کرتے ہیں اور نہ اُس چیز سے خوف کھاتے ہیں جس کا مضحکہ اُس کے سامنے اُڑایا جائے اس لیے عزت و تکریم کے مستحق ہیں وہ اہلِ قلم جو ظلم کو مضحکہ خیز بنا کر پیش کرتے ہیں اور اُسے عوام کی نظر میں قابلِ نفرت بنا دیتے ہیں''
Load Next Story