ایکسپریس انٹرٹینمنٹ سے آج نئی ڈرامہ سیریل ’’جھوٹی‘‘ پیش ہوگی

ڈرامہ نگار سیما غزل کی کہانی کو ڈائریکٹر محسن طلعت نے خوبصورت انداز میں ریکارڈ کیا

کاسٹ میں مائرہ خان، دانش تیمور، جاوید شیخ، سیمی پاشا ودیگر شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کی جانب سے نئے سال کے آغاز پر ایکبار پھر نئے اور دلچسپ پروگرام شروع کیے گئے، نئی سہہ ماہی کے آغاز پر پانچ ڈرامہ سیریل پیش کرنے کا آغاز ہو چکا، اس سلسلے کی پہلی ڈرامہ سیریل ''چور دورازے'' کو ناظرین کی جانب سے بیحد پسند کیا گیا، اس سیریل کو بہترین کہانی،عمدہ کردار نگاری کیوجہ سے توجہ حاصل ہوئی۔


ایک اور نئی سیریل''جھوٹی'' آج رات نو بجے پیش کی جائے گی جسے ملک کی معروف ڈرامہ نگار سیما غزل نے تحریر کیا ہے، سیما غزل معاشرتی اور خاندانی مسائل پر ڈرامہ لکھنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں ان کے ڈرامے حقیقت سے بہت قریب ہوتے ہیں، وہی کردار ان کے ڈراموں میں نظر آتے ہیں جو ہمارے ارد گرد موجود ہوتے ہیں، یہی وجہ کہ ڈرامہ دیکھنے والے ان کی لکھی ہوئی کہانی کو اپنی کہانی سمجھ کر محظوظ ہوتے ہیں، ڈرامہ سیریل''جھوٹی'' بھی ایک ایسی ہی کہانی ہے جس میں تمام واقعات اپنے پورے سسپنس کے ساتھ نظر آئیں گے، اصل میں یہ کہانی جھوٹ جیسے گناہ پر ہے جسے لوگ اب گناہ بھی نہیں سمجھتے، اس میں بتایا گیا ہے کہ جس جھوٹ کو لوگ اپنے فائدے کی چیز سمجھتے ہیں وہ وبال جان بن کر آپکے سامنے دیوار اٹھا دیتی ہے اور ان دیواروں کے بیچ وہ شخص پھنس جاتا ہے۔

کہانی بہت دلچسپ ہے ہر نئی قسط میں ایک نیا موڑ آتا ہے جو ناظرین کو نئی قسط کے انتطار پر مجبور کر دیتا ہے،محسن طلعت اس سیریل کے ڈائریکٹر ہیں جو ٹیلی ویژن انڈسٹری میں کامیاب ڈائریکٹر کے طور پر اپنی پہچان رکھتے ہیں، سیریل کے ایگزیکیٹو پروڈیوسر نوید ارشد، مشرف جعفری ہیں جب کہ اس سیریل میں ٹیلی ویژن انڈسٹری کے نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے، ان میں ادکارہ مائرہ خان، دانش تیمور، حسن نیازی، فرح شاہ، محمود اختر، سیمی پاشا، کرن حق، عمران اشرف، عذرا محی الدین اور جاوید شیخ قابل ذکر ہیں، ان تمام فنکاروں نے اس سیریل میں شاندار ادکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
Load Next Story